
اے پیگ کے صدر علی رشید کی وزیر اعظم شہباز شریف سے ملاقات
امریکن پاکستانی ایڈووکیسی گروپ کے صدر علی رشید نے وزیر ِاعظم پاکستان محمد شہباز شریف سے اسلام آباد میں ملاقات کی۔ وزیر اعظم نے امریکا میں پاکستان کا مثبت چہرہ اجاگر کرنے پر اے پیگ کی کاوشوں کو سراہا۔
پی ایم ہاوس اسلام آباد میں اے پیگ کے صدر علی رشید نے وزیراعظم محمد شہباز شریف سے ملاقا ت کی۔اس ملاقات میں پاک امریکی تعلقات اور پاکستانی امریکن کمیونٹی سے متعلق گفتگو ہوئی جس میں تجارتی تعاون، سرمایہ کاری اور ملکی ترقی میں اوور سیز پاکستانیوں کے کردار پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیر اعظم شہباز شریف نے امریکن پاکستانی ایڈووکیسی گروپ کی امریکا میں پاکستان کا مثبت چہرہ روشناس کرانے پر ان کی تاریخی خدمات کو سراہا۔اس موقع پر علی رشید نے یہ عزم دہرایا کہ ان کی تنظیم اے پیگ پاک امریکی تعلقات کو مزید بہتر بنانے میں اپنا ہر ممکن کردار ادا کرتی رہے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ بطور پاکستانی امریکن ہم نے ہمیشہ پاکستان کے مفاد کو ترجیح دی ہے اور اس کی شناخت بہتر بنانے کے لیے کام کیا ہے، مستقبل میں بھی اپنی کاوشیں جاری رکھیں گے۔