سب وے اسٹیشن پر گم قیمتی انگوٹھی ایم ٹی اے نے کامیابی سے برآمد کر لی
مین ہٹن(ویب ڈیسک) نیویارک کے علاقے مین ہٹن کے ایسٹ ہارلم میں 70 سالہ خاتون کی قیمتی ہیرے جڑی انگوٹھی سب وے اسٹیشن پر گم ہو گئی۔ ایم ٹی اے کی ٹیم نے کامیابی سے اسے برآمد کر لیا۔
حکام کے مطابق، واقعہ لیکزنگٹن ایونیو اور 104ویں اسٹریٹ پر پیش آیا جب مایرا لورا دستانہ اتار رہی تھیں اور اسی دوران ان کی انگوٹھی گرل میں گر کر گم ہوگئی۔ اپنی قیمتی انگوٹھی کھونے پر وہ شدید افسردہ ہو گئیں اور فوری طور پر ایم ٹی اے سے مدد کی درخواست کی۔ ایم ٹی اے کی ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے انگوٹھی کو بحفاظت نکال کر مایرا کے حوالے کر دی۔ انگوٹھی واپس ملنے پر مایرا لورا جذبات پر قابو نہ رکھ سکیں اور خوشی سے آبدیدہ ہو گئیں۔ کہا کہ میں حیران اور بے حد شکر گزار ہوں، یہ میرے لیے بہت خاص ہے کیونکہ اس پر میرے تین بچوں کے نام کندہ ہیں۔ یہ انگوٹھی 25 سال پرانی تھی اور ذاتی اہمیت کے باعث مایرا لورا کے لیے ناقابلِ فراموش حیثیت رکھتی ہے۔