ایڈمز کا شہر میں مزید 6 ہنگامی پناہ گاہیں بند کرنے اعلان
نیویارک(ویب ڈیسک) نیویارک سٹی کے میئر ایرک ایڈمز نے کریڈمور ہیومینیٹیرین ایمرجنسی ریسپانس اینڈ ریلیف سینٹر سمیت چھ ہنگامی پناہ گزین مراکز بند کرنے کا اعلان کیا ہے۔
میئر کے مطابق کریڈمور سینٹر شہر کا آخری خیمہ نما مرکز تھا جس کا بند ہونا پناہ گزینوں کے بحران سے نمٹنے میں ایک اہم پیش رفت ہے۔ جون 2024 سے جون 2025 کے درمیان 52 ہنگامی مراکز بند کیے جا چکے ہیں، جو ایڈمز انتظامیہ کی حکمت عملی کا حصہ ہیں۔ میئر نے کہا ان اقدامات کی بدولت پناہ گزینوں کی تعداد 69,000 سے کم ہو کر 45,000 رہ گئی ہے۔ ایڈمز نے یہ بھی کہا کہ نیویارک کو 2 لاکھ 30 ہزار سے زائد پناہ گزینوں کی آمد کا سامنا تھا، اور 52 مراکز کو بند کرنا بحران سے نمٹنے میں کامیابی کا ثبوت ہے۔انہوں نے مزید کہا کوئنز میں واقع کریڈمور سینٹر اپنے عروج پر 12 سو پناہ گزینوں کو سہولت فراہم کر رہا تھا۔ انتظامیہ نے 1 لاکھ چھیاسی ہزار پناہ گزینوں کو کام کے اجازت نامے اور دیگر منصوبوں کے ذریعے خود کفیل بنایا، جبکہ 53ہزار 2 سو افراد کو سفری ٹکٹ فراہم کیے گئے تاکہ وہ اپنی پسندیدہ جگہوں پر جا سکیں۔ کانگریس مین ٹام سوزی نے اس فیصلے کو کمیونٹی کے لیے بڑا ریلیف قرار دیا۔