برونکس کی ایک عمارت میں آتشزدگی، 6 افراد زخمی
برونکس(ویب ڈیسک) نیویارک کے علاقے برونکس کی ایک عمارت میں شدید آگ بھڑک اٹھی۔ واقعے میں چھ افراد زخمی ہو گئے۔
حکام کے مطابق آگ دوپہر 12 بجے 3514 روچمبو ایوینیو پر موجود ایک عمارت میں لگی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے پوری عمارت کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ آگ بجھانے کے لیے 140 سے زائد فائر فائٹرز اور ایمرجنسی عملے کو تعینات کیا گیا۔ فائر ڈیپارٹمنٹ کے مطابق، جب عملہ موقع پر پہنچا تو عمارت شعلوں میں گھری ہوئی تھی، اور آگ تیزی سے پھیل رہی تھی۔ حکام کے مطابق، زخمیوں میں 2 افراد کی حالت تشویشناک ہے، جبکہ باقی 4 کو معمولی چوٹیں آئی ہیں جن میں ایک فائر فائٹر بھی شامل ہے۔ فائر فائٹرز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے درجنوں رہائشیوں کو با حفاظتبلڈنگ سے باہر نکال لیا۔ حکام کے مطابق آگ لگنے کی وجہ فوری طور پر معلوم نہیں ہو سکی، لیکن تحقیقات جاری ہیں۔ ریڈ کراس اور نیویارک ایمرجنسی مینجمنٹ کے ادارے متاثرہ افراد کو امداد فراہم کر رہے ہیں۔