نیویارک پولیس میں پہلے پاکستانی کیپٹن وحید اختر مسلم افیسرز سوسائٹی کے صدر منتخب
نیویارک میں پاکستانی کمیونٹی کی کاروباری و سماجی شخصیت خرم خان اور احسن چغتائی نے نیویارک پولیس کی مسلم آفیسرز سوسائٹی کے نئے صدر کیپٹن وحید اختر کے اعزاز میں ایک تقریب کا اہتمام کیا۔
مسلم آفیسرز سوسائٹی کے نئے صدر کیپٹن وحید اختر کے اعزاز میں کونی آئی لینڈ ایونیو پر واقع نجی ریسٹورانٹ میں منعقد ہ استقبالیہ کا آغاز تلاوت ِ کلام ِ پاک سے ہوا۔تقریب میں کمیونٹی شخصیات اور دوست احباب نے بھرپور شرکت کی ۔ایم او ایس کے نو منتخب صدر کیپٹن وحید اختر کا کہنا تھا کہ ایک وقت تھا ڈیپارٹمنٹ میں مسلمانوں کی تعداد نہ ہونے کے برابر تھی ، آج 3 ہزار سے زائد ہے۔عہدے کی منتقلی ترقی کے سفر کا تسلسل ہے۔این وائے پی ڈی میں پہلے پاکستانی نژاد انسپکٹر عدیل رانا 12 سال ایم او ایس کے صدر رہے ہیں۔ عہدے سے سبکدوشی کے بعد ان کا کہنا تھا کسی کا کسی سے کوئی اختلاف یا مقابلہ نہیں، ہمیشہ اجتماعی مفاد کو ترجیح دینی چاہیے۔خوشی کی اس تقریب میں اسمبلی وومن جینیفر راج کماری بھی شریک ہوئیں اور انھوں نے کیپٹن وحید اختر کوتعریفی سند پیش کی۔ ان کا کہنا تھا کہ این وائے پی ڈی میں شامل مسلمان افسران اس شہر کی بھرپور خدمت کر رہے ہیں۔تقریب میں این وائے پی ڈی میں شامل دیگر پولیس افسران بھی شریک تھے، جنھوں نے کیپٹن وحید اختر کو نئی زمہ داری ملنے پر مبارکباد دی اور بھرپور تعاون کی یقین دہانی بھی کروائی۔اس موقع پر تقریب کے میزبان احسن چغتائی اور خرم خان کا کہنا تھا کہ کیپٹن وحید اختر بہترین کردار کے مالک ہیں اور سب کے ساتھ بھائیوں جیسا تعلق ہے۔تقریب میں کمیونٹی کی سیاسی ، سماجی اور کاروباری شخصیات بھی شریک تھیں ۔مقررین کا کہنا تھا کہ پاکستانی افسران نے اعلیٰ عہدوں پر ترقی پا کر تمام مسلمانوں کا سر فخر سے بلند کیا ہے۔اس موقع تقریب میں شریک صحافیوں، کاروباری اور سماجی شخصیات کا کہنا تھا کہ وحید اختر کو پہلے پاکستانی کیپٹن ہونے کا بھی اعزا ز حاصل ہے، اتحاد و اتفاق ہی ترقی کا راستہ ہے۔اس موقع پر تقریب میں دیگر شخصیات نے بھی خطاب کیا، مقررین کا کہناتھا کیپٹن وحید اختر کی زندگی کھلی کی کتاب کی طرح ہے۔ ہمیشہ سب کے کام آتے ہیں۔تقریب کے اختتام پر کمیونٹی ممبر آصف بیگ کی سالگرہ بھی منائی گئی اور سب نے مل کر کیک کاٹا۔