نیویارک سٹی میں سستی رہائش کے منصوبوں میں تاریخی پیشرفت
نیویارک(ویب ڈیسک) نیویارک سٹی کے میئر ایرک ایڈمز کی انتظامیہ نے مسلسل دوسرے سال سستی رہائش کی توسیع میں ریکارڈ قائم کر دیا، 2024 میں بے گھر افراد، بزرگوں اور کم آمدنی والے خاندانوں کے لیے ہزاروں نئے گھروں کی تعمیر مکمل ہوگئی۔
نئی رپورٹ کے مطابق، شہر میں 27,620 سستی مکانات تیار کیے گئے، جن میں 14,145 نئے تعمیر شدہ یونٹس اور 13,475 موجودہ گھروں کی بحالی شامل ہے۔ ساتھ ہی 14,600 سے زائد خاندانوں کو مستقل رہائش دی گئی، جن میں 10,000 سے زائد افراد ہاؤسنگ لاٹری کے ذریعے جبکہ 4,600 پناہ گاہوں سے منتقل ہوئے۔ ایڈمز انتظامیہ نے مین ہٹن پلان کے تحت اگلی دہائی میں 100,000 نئے گھروں کی تعمیر کا اعلان کیا ہے، جس سے مین ہٹن میں رہائشی یونٹس کی تعداد 1 ملین تک پہنچ جائے گی۔ ساتھ ہی نیویارک سٹی ہاؤسنگ اتھارٹی رہائش کے منصوبوں کے لیے 1.7 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی گئی، جس کے تحت ہزاروں اپارٹمنٹس کی تزئین و آرائش کی جائے گی۔ ماہرین نے اس پیشرفت کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ شہر میں سستی رہائش کی بڑھتی ہوئی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے مزید جرات مندانہ اقدامات کیے جانے چاہئیں۔