ڈاکٹر پرویز اقبال اے پیک کے نئے صدر منتخب
امریکن پاکستانی پبلک افیئرز کمیٹی کے چیئر مین ڈاکٹر اعجاز احمد نے اعلان کیا ہے کہ ڈاکٹر پرویز اقبال کو نیشنل بورڈ کا صدر منتخب کرلیا گیا ہے۔ڈاکٹر پرویز اقبال کی بطور صدر تقرری دو سال تک ہوگی۔
ڈاکٹر محمد حسن کی رہائش گاہ پراے پی پیک کی ایگزیکٹیو کمیٹی کا اجلاس ہو ا جس میں تنظیم کے مرکزی عہدیداران، ڈائریکٹرز بورڈ ممبران نے شرکت کی۔ اے پی پیک کے چیئر مین ڈاکٹر اعجاز احمد نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ان کی تنظیم جمہوری اُصولوں اور روایات کی پاسدار ی پر یقین رکھتی ہے، ڈاکٹر پرویز اقبال کی کمیونٹی اور سماجی شعبے میں بہت خدمات ہیں۔اجلاس میں اے پی پیک نے اپنی مختلف سرگرمیوں اور سالانہ کارکردگی کا جائزہ لیا گیااور مستقبل کی حکمتِ عملی پر بھی مشاورت کی گئی۔ اے پی پیک کے نو منتخب صدر ڈاکٹر پرویز اقبال نے بورڈ ممبران سے اظہارِ تشکر کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ہماری پاکستانی کمیونٹی اگر یہاں کے سماجی اور سیاسی نظام میں بھرپور طریقے سے متحرک ہو تو بہت بہتر مقام حاصل کرسکتی ہے۔اس موقع پر دیگر مقررین نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں جمہوری قوتوں کی مضبوطی اور انتخابی شفافیت میں وقت لگے گا۔آخر میں ڈاکٹر محمد حسن نے اظہارِ تشکر کیا۔اے پی پیک کے رہنماوں کا کہنا تھا کہ امریکا میں قیام پذیر ہوکر پاکستان کے مسائل پر سیاست کرنا دانشمندی نہیں۔ ہم کسی سیاسی جماعت سے وابستہ ہوئے بغیر بھی اپنے ہم وطنوں کی بہت مدد کرسکتے ہیں۔