امریکا میں ٹک ٹاک سروس مختصر پابندی کے بعد بحال
واشنگٹن(ویب ڈیسک) امریکی صدر ڈونلد ٹرمپ کے بیان کے بعد ٹک ٹاک نے امریکا میں اپنی سروسز بحال کرنا شروع کر دی ہیں۔
حالیہ رپورٹس کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ کے بیان کے بعد ٹک ٹاک نے اپنی سروسز چند گھنٹے بعد ہی بحال کرنا شروع کردیں۔ ڈونلڈ ٹرمپ نے حلف برداری سے قبل ایک ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ اقتدار میں آتے ہی امریکا میں ٹک ٹاک بحال کردیں گے۔ دوسری جانب ٹک ٹاک نے سروسز کی جزوی بحالی کرتے ہوئے ایپ پر صارفین کے نام ایک پیغام جاری کرتے ہوئے کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ کی کاوشوں کی وجہ سے ٹک ٹاک امریکا میں واپس آیا ہے۔ ٹک ٹاک نے 19 جنوری کو امریکا میں ٹک ٹاک کی سروسز کو بند کردیا تھا۔ ایپلی کیشن سروسز بند ہونے کے بعد امریکی صارفین ٹک ٹاک کو ڈاؤن لوڈ نہیں کر پا رہے تھے جب کہ جن کے پاس ایپلی کیشن پہلے سے ہی موجود تھی، وہ بھی اسے نہیں چلا پا رہے تھے۔ امریکی حکومت نے 2024 میں قانون بنایا تھا کہ ٹک ٹاک امریکی قومی سلامتی کے لیے خطرہ ہے، اس لیے ایپلی کیشن انتظامیہ کمپنی کے امریکی آپریشنز کو کسی امریکی شخص یا کمپنی کو فروخت کرے، دوسری صورت میں ایپ پر 19 جنوری 2025 کو پابندی عائد کردی جائے گی۔ اس قانون کے خلاف ٹک ٹاک نے امریکی عدالتوں میں بھی درخواستیں دائر کی تھیں لیکن اسے کہیں سے ریلیف نہیں ملا، جس وجہ سے کمپنی نے ایپلی کیشن سروسز کو 19 جنوری کو بند کردیا تھا۔