کرم محسن کی نیویارک پولیس میں بطور آفیسر تقرری پر سرپرائز پارٹی
نیویارک(نمائندہ خصوصی)نیویارک میں پاکستانی کمیونٹی کے سینئر صحافی اور سماجی شخصیت محسن ظہیر کے صاحبزادے کرم محسن کی نیویارک پولیس ڈیپارٹمنٹ میں بطور آفیسر تقرری پر نجی ریسٹورانٹ میں سرپرائز پارٹی کا اہتمام کیاگیا۔سینئر صحافی اور ہر دلعزیز شخصیت محسن ظہیر کے بیٹے کرم محسن نے گریجویشن مکمل کرکے نیویارک پولیس میں بطور آفیسر شمولیت اختیار کرکے پوری کمیونٹی کا سر فخر سے بلند کردیا۔کاروباری و سماجی شخصیت احسن چغتائی کی میزبانی میں مقامی ہال میں سرپرائز پارٹی کا اہتمام کیا گیا۔دوست احباب مقررہ وقت سے پہلے ہی پہنچ گئے۔
محسن ظہیر اور ان کی فیملی کی آمد پر سب نے والہانہ انداز میں پرتپاک استقبال کیا۔اس موقع پر حاضرین سے خطاب کرتے ہوئے احسن چغتائی آبدیدہ ہوگئے۔ان کا کہنا تھا کہ محسن ظہیر صرف دیانتدار اور مخلص ہی نہیں بلکہ درحقیقت میرے محسن بھی ہیں،آج جو کچھ بھی اور جس مقام پر ہوں ان ہی بدولت ہوں۔تقریب میں پاکستانی امریکن کمیونٹی کی نمائندہ تنظیموں سمیت کاروباری و سماجی شخصیات کی کثیر تعداد شریک ہوئی۔ کمیونٹی رہنما ڈاکٹر اعجاز احمد اور ڈاکٹر پرویز اقبال نے محسن ظہیر کو ان کے بیٹے کرم محسن کی پولیس میں تقرری پر مبارکباد دی۔سرپرائز پارٹی میں نیویارک پولیس میں پہلے پاکستانی نژاد انسپکٹر عدیل رانا بھی شریک تھے،ان کا کہنا تھا کہ بہت خوشی ہے کہ ہماری نئی نسل مختلف شعبوں میں آگے آرہی ہے اور ہم سب کا فرض ہے کہ نوجوان نسل کی بھرپور رہنمائی کریں۔تقریب میں صحافی برادری کی بھی کثیر تعداد شریک تھی اور اس پر مسرت موقع پر سب ہی بہت خوش دکھائی دیے۔شرکاٗ سے خطاب میں سینئرصحافی عظیم میاں، آصف جمال،عائزہ عرفان اور معوذ صدیقی کا کہنا تھا کہ محسن ظہیر نے اپنے بچوں کی مثالی تربیت کی ہے،ہمیں ان پر فخر ہے ۔سرپرائز پارٹی میں شریک دیگر کمیونٹی رہنماؤں کا کہنا تھا کہ محسن ظہیر انمول شخصیت اور ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں ۔اس موقع پر تقریبِ مہمانِ خصوصی محسن ظہیر اور ان کے بیٹے کرم محسن نے بھی خطاب کیا۔ان کا کہنا تھا کہ آ ج ہمارے لیے بہت خوشی اور فخر کا دن ہے ۔ملک اور کمیونٹی کو کچھ واپس دینے کی مثال جو امریکا میں ہے شاید ہی کہیں اور ہو۔آخر میں سب نے مل کر کرم محسن کے نیویارک پولیس ڈیپارٹمنٹ میں پولیس آفسر کے عہدے پر تقرری کی خوشی میں کیک کاٹا۔