آذربائیجان ایئر لائن طیارہ حادثہ میں درجنوں افراد جاں بحق
لندن: آذربائیجان ائیرلائن کا مسافر طیارہ بدھ کی صبح بحیرہ کیسپین کے قریب قازقستان کے اکتاو ہوائی اڈے کے قریب گر کر تباہ ہو گیا، قازق حکام نے بتایا کہ 40 افراد کی ہلاکت کا خدشہ ہے۔ طیارہ آذربائیجان کے باکو سے روس کے گروزنی کے لیے پرواز کر رہا تھا۔ روسی خبر رساں ایجنسیوں کے مطابق گروزنی میں دھند کی وجہ سے اسے قازقستان کے اکتاو کی طرف موڑ دیا گیا۔قازقستان حکام کا بیان آیا ہے کہ طیارے میں 69 افراد سوار تھے۔جن میں64 مسافر اور5اراکین تھے۔طیارے حادثہ میں 29 افراد زندہ بچ گئے ہیں جنہیں فوری طور پر مقامی ہسپتالوں میں منتقل کردیا گیا ہے۔ہسپتال داخل ہونے والوں میں دو بچے بھی شامل ہیں۔قازقستان کے نائب وزیر صحت نے ایک بیان میں کہا ہے کہ زخمیوں میں کچھ کی حالت تشویشناک ہے۔قازق ایوی ایشن حکام نے واقعہ کی تحقیقات شروع کردی ہے۔ جس میں پرندوں کے ٹکرانے، مکینیکل خرابی اور موسم کی خراب صورتحال کی وجہ سے پرواز کو تبدیل کرنے کے فیصلے پر تفتیش کی توجہ مرکوز ہو گی۔وزارت ٹرانسپورٹ نے ایک بیان میں ابتدائی اعداد و شمار کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ مسافروں میں 37 آذربائیجانی شہری،6 قازقستان، 3کرغزستان اور 16 روس کے شہری تھے۔آذربائیجان ایئر لائنز نے سوشل میڈیا پر جاری پوسٹ میں کہا کہ طیارے نے اکتاؤ سے 2 میل کے فاصلے پر ہنگامی لینڈنگ کی۔ اس نے بتایا کہ طیارہ ایمبریئر 190 ماڈل تھا جس کی پرواز نمبر J2-8243 تھی۔