نیویارک میں بدھ کی صبح یونائیٹڈ ہیلتھ کیئر کے سی ای او کا قتل
نیویارک(ویب ڈیسک)نیویارک کے علاقے مین ہٹن مڈٹاؤن میں بدھ کی صبح ماسک پہنے ہوئے حملہ آور گھات لگاکر یونائیٹڈ ہیلتھ کیئر کے سی ای او پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں سی ای او زخمی ہوئے جبکہ حملہ آور موقع سے فرار ہوگیا ۔واقعے کے فورا بعد زخمی کو ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں پر ڈاکٹروں نے سی ای او کی موت کی تصدیق کردی ۔مقتول کی شناخت 50 سالہ برائن تھامسن کے نام سے ہوئی جنہیں 54 ویں اسٹریٹ پر ایک ہوٹل کے قریب 6 اور 7 ویں ایونیو کے درمیان گولی مار دی گئی۔ پولیس نے جائے وقوع کا گھیراؤ کرلیا اور حملہ آور کی تلاش بھی شروع کردی ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی تحقیقات کے دوران لگتا ہے کہ تھامسن کو ٹارگٹ کیا گیا ہے ۔تھامسن 2004 میں یونائیٹڈ ہیلتھ گروپ میں شامل ہوئے جس کے بعد 2021 میں یونائیٹڈ ہیلتھ کیئر کے سی ای او بن گئے تھے۔ہیلتھ گروپ کی بدھ کی صبح سرمایہ کاری کے حوالے سے ایک اہم کانفرنس کا آغاز ہوا تو اطلاع ملی کہ تھامسن کو ٹارگٹ کیا گیا ہے تو فورا کانفرنس ختم کردی گئی ۔