نیویارک کے مقامی صحافی محمد فرخ کی مرحوم والدہ کے لیے دعائے مغفرت
نیویارک(نمائندہ خصوصی)نیویارک میں پاکستانی کمیونٹی کے صحافی محمد فرخ کی والدہ کے لیے امریکن کونسل آف منارٹی وومن کے دفتر میں دعائے مغفرت کی گئی۔نیویارک میں پاکستانی کمیونٹی کی صحافی محمد فرخ کی والدہ لاہور میں طویل عرصہ سے بیمار رہنے کے بعد گزشتہ دنوں رضائے الہیٰ سے انتقال کر گئی تھیں۔ محمد فرخ سے اظہار ِ تعزیت اور افسوس کے لیے کمیونٹی کے افراد کونی آئی لینڈ ایونیو پر واقع امریکن کونسل آف منارٹی وومن کے دفتر میں جمع ہوئے۔اس موقع پر اے سی ایم ڈبلیو کے جنرل سیکرٹری احمد لطیف نے مرحومہ کی مغفرت اور بلندیِ درجات کے لیے دعا کروائی۔فاتحہ خوانی میں معروف شاعر رئیس وارثی، اے سی ایم ڈبلیو کی چیئر پرسن بازہ روحی،کمیونٹی کی کاروباری و سماجی شخصیات اور صحافی شریک تھے۔شرکاء نے محمد فرخ سے والدہ کے انتقال پر دلی رنج و غم اور افسوس کا اظہار کیا۔کمیونٹی کا کہنا ہے کہ وہ دکھ کی اس گھڑی میں محمد فرخ کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔