امریکی شہر نیویارک کے میئر زوہران ممدانی نے اعلان کیا ہے کہ شہر بھر میں 3-کے پروگرام کے لیے مزید 2 ہزار نئی نشستیں شامل کی جائیں گی، جس کے بعد ابتدائی توسیعی منصوبہ دگنا ہو جائے گا۔
انتظامیہ کے مطابق نئی نشستوں کی اکثریت کمیونٹی پر مبنی چائلڈ کیئر مراکز میں قائم کی جائے گی، جبکہ خاندانوں کے لیے ایک نیا ویٹ لسٹ سسٹم بھی متعارف کرایا جا رہا ہے تاکہ والدین اپنی پسند کے قریبی مراکز کے لیے درخواست دے سکیں۔ اس نظام میں بہن بھائیوں کی ترجیح کو بھی مدنظر رکھا جائے گا۔میئر ممدانی نے بروکلین کے کولمبیا واٹر فرنٹ علاقے میں 129 وان برنٹ اسٹریٹ پر ایک نئے ابتدائی تعلیمی مرکز کے افتتاح کا بھی اعلان کیا، جہاں 63 نئی 3-کے اور پری-کے نشستیں دستیاب ہوں گی۔ حکام کے مطابق یہ عمارت کئی برسوں سے خالی پڑی تھی، حالانکہ مقامی آبادی مسلسل اضافی چائلڈ کیئر سہولیات کا مطالبہ کر رہی تھی۔میئر ممدانی نے کہا کہ اب تک 9 خالی چائلڈ کیئر مراکز دوبارہ کھولے جا چکے ہیں اور ہزاروں نئی نشستیں شامل کی جا رہی ہیں۔