اسٹیٹن آئی لینڈ میں ٹرمپ ڈانس فلیش موب کا انعقاد
بلیک فرائیڈے کے بعد اسٹیٹن آئی لینڈ میں منعقدہ ٹرمپ ڈانس فلیش موب نے عوام کی توجہ اپنی جانب مبذول کر لی، جہاں سینکڑوں افراد نے شرکت کی۔اس منفرد ایونٹ میں تقریباً 200 سے زائد شرکاء نے نو منتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مخصوص ڈانس اسٹیپس کی نقل کرتے ہوئے جوش و خروش کا مظاہرہ کیا۔ڈانس کے دوران مشہور گانا YMCAدی ولیج پیپل کی جانب سے بجایا گیا، جس کی دھن پر لوگ بے ترتیب طور پر ہوا میں ہاتھ لہراتے نظر آئے۔ یہ اسٹائل ڈونلڈ ٹرمپ کے مشہور ڈانس کے طور پر جانا جاتا ہے۔اس تقریب میں اسٹیٹن آئی لینڈ کے بورو صدر، ویٹو فوسیلہ نے بھی شرکت کی اور اپنے تاثرات بیان کرتے ہوئے کہا کہ یہ ڈانس ظاہر کرتا ہے کہ زندگی میں ہر وقت خود کو سنجیدہ لینا ضروری نہیں ہے۔ یہ ڈانس اپنی ایک الگ شناخت بنا چکا ہے۔شرکاء نے اس موقع پر نہ صرف خوشی کا اظہار کیا بلکہ ٹرمپ کی صدارت کے ابتدائی دنوں میں اہم پالیسی فیصلوں کی امیدیں بھی وابستہ کیں۔ ٹرمپ ڈانس فلیش موب کو ایک منفرد اور یادگار تقریب کے طور پر سراہا گیا، جس نے شرکاء کو تفریح فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ سیاسی جوش و خروش کا بھی مظاہرہ کیا۔