صدر بائیڈن نے بلیک فرائیڈے پر خریداری کے دوران متنازع کتاب خرید لی
امریکا کے سبکدوش ہونے والے صدر جو بائیڈن نے بلیک فرائیڈے کے موقع پر خریداری کرتے ہوئے سب کو حیران کر دیا۔ وہ ایک ایسی کتاب خریدتے نظر آئے جو فلسطین کی جدید تاریخ کو کالونیال جنگ کے طور پر پیش کرتی ہے۔صدرجوبائیڈن بلیک فرائیڈے کے موقع پردی ہنڈرڈ ایئرز وار آن فلسطین، اے ہسٹری آف سیٹلر کالونیل کانکوئسٹ اینڈ ریزسٹنس، 1917-2017 خریدتے نظر آئے، جس کے مصنف رشید خالدی ہیں، جو کولمبیا یونیورسٹی کے پروفیسر ہیں۔یہ کتاب فلسطین کی جدید تاریخ کو کالونیال جنگ کے طور پر پیش کرتی ہے، جس میں مقامی آبادی کے خلاف مختلف قوتوں کی جانب سے زمین چھوڑنے پر مجبور کرنے کی کوششوں کو اجاگر کیا گیا ہے تاکہ یہودیوں کو وہاں آباد کیا جا سکے۔رشید خالدی نے اس غیر متوقع خریداری پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ کتاب 2020 میں شائع ہوئی تھی اور صدر بائیڈن نے اب اسے پڑھنے کے لیے خریدا ہے۔بائیڈن کی جانب سے یہ کتاب خریدنے کا منظر میڈیا کے کیمروں میں قید ہو گیا، جس کے بعد سوشل میڈیا پر متضاد ردعمل سامنے آیا۔ کچھ لوگوں نے اس قدم کو ان کے سیاسی نظریات سے جوڑا، جبکہ دوسروں نے اسے محض علمی دلچسپی قرار دیا۔یہ واقعہ ایسے وقت میں پیش آیا ہے جب بائیڈن کی صدارت کے آخری دن قریب آ رہے ہیں اور اسرائیل-فلسطین تنازع کے حوالے سے امریکی پالیسی پر پہلے ہی کافی بحث جاری ہے۔