آسٹریلیا کی معروف میلبرن یونیورسٹی نے 2027 کے لیے 600 مکمل فنڈڈ گریجویٹ ریسرچ اسکالرشپس کا اعلان کر دیا ہے، جن کے تحت ملکی اور غیر ملکی طلبہ ماسٹرز بائی ریسرچ اور پی ایچ ڈی پروگرامز میں تعلیم حاصل کر سکیں گے۔
اسکالرشپ کی مجموعی مالیت 135 ہزار آسٹریلین ڈالر تک رکھی گئی ہے۔اس پروگرام کے تحت کامیاب طلبہ کو مکمل ٹیوشن فیس معافی، سالانہ 39 ہزار 500 آسٹریلین ڈالر وظیفہ، رہائشی اخراجات، میڈیکل سہولیات اور دیگر مالی معاونت فراہم کی جائے گی۔ غیر ملکی طلبہ کو اوورسیز اسٹوڈنٹ ہیلتھ کور بھی دیا جائے گا جبکہ آسٹریلیا یا بیرون ملک سے منتقل ہونے والے طلبہ کو اضافی ری لوکیشن گرانٹ بھی ملے گی۔یہ اسکالرشپس انجینئرنگ، ہیلتھ سائنسز، آئی ٹی، قانون، بزنس، ایجوکیشن، سائنس، آرٹس، میوزک اور دیگر شعبوں کے لیے دستیاب ہیں۔ یونیورسٹی کے مطابق اہل طلبہ کو علیحدہ اسکالرشپ درخواست دینے کی ضرورت نہیں ہوگی بلکہ گریجویٹ ریسرچ پروگرام میں داخلے کی درخواست کے ساتھ ہی خودکار طور پر اسکالرشپ کیلئے زیر غور لایا جائے گا۔اسکالرشپ میرٹ، تحقیقی صلاحیت، تعلیمی کارکردگی، تجربے اور تحقیقی اشاعتوں کی بنیاد پر دی جائے گی۔