سعید بھلی کے اعزاز میں شاندار استقبالیہ،عمران خان،ڈونلڈ ٹرمپ کی تصاویر مرکزی بینر پر شامل
نیویارک(نمائندہ خصوصی)سیالکوٹ کی ممتاز سماجی شخصیت اور پی ٹی آئی کے رہنما سعید بھلی کے اعزاز میں سماجی رہنما چوہدری ظہور اختر اور خورشید بھلی نے شاندار استقبالیہ دیا۔تقریب کے مرکزی بینرز پر عمران خان کے ساتھ ڈونلڈ ٹرمپ کی تصویر بھی شامل کرلی گئی۔سیالکوٹ کی ممتاز سماجی شخصیت اور پاکستان تحریک انصاف پی ٹی آئی کے رہنما سعید بھلی کے اعزاز میں نیویارک کے مقامی ریسٹورنٹ میں ایک پروقار عشائیہ کا اہتمام کیا گیا۔
یہ تقریب کشمیری کمیونٹی کے رہنما اور سماجی شخصیت چوہدری ظہور اختر اور وسیم سید کی میزبانی میں منعقد ہوئی، جس میں کمیونٹی کے اہم افراد نے شرکت کی۔ تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا جس کے بعد رسول مقبول حضرت محمدﷺ کی شان میں نعت پیش کی گئی۔امریکی اور پاکستانی قومی ترانوں کی دھنوں نے تقریب کو مزید پروقار بنایا اور شرکاء نے دونوں ممالک سے اپنے جذبات کا اظہار کیا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کشمیری کمیونٹی کے رہنما اور سماجی شخصیت چوہدری ظہور اختر نے شرکاء کی آمد پرشکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری بہت محبت اور خیال کرنے والے ہوتے ہیں اورانکا پیاربھی سچا ہوتا ہے۔اس موقع پر بانی تحریک انصاف عمران خان کے لئے اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے خورشیدبھلی کا کہنا تھا کہ میں ان لوگوں کو سلام پیش کرتا ہوں جوفسطائیت کے اس دورمیں مردمجاہد کے ساتھ کھڑے رہے ۔پی ٹی آئی کے رہنما سعید بھلی نے اپنے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم امیدکرتے ہیں کہ ڈونلڈ ٹرمپ نہ صرف پاکستان بلکہ پوری دنیا میں انسانی حقوق کی پامالیوں کے خلاف آوازبلندکریں گے۔پی ٹی آئی کے سنئیر رہنما امجد نواز ودیگر مقررین نے سعید بھلی کی خدمات کو سراہا اور کمیونٹی کی بھلائی کے لیے ان کی کاوشوں کو خراج تحسین پیش کیا۔تقریب کے مرکزی بینرز پر عمران خان اور امریکہ کے نو منتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی تصاویر شامل کی گئی تھیں، جس نے حاضرین کی خصوصی توجہ حاصل کی جبکہ آخر میں کیک بھی کاٹا گیا۔