نیویارک پولیس میں ترقی پانے والے مسلمان افسران کے ساتھ بیٹھک
نیویارک(نمائندہ خصوصی)نیویارک پولیس ڈیپارٹمنٹ میں حالیہ پروموشن میں ترقی پانے والے مسلمان افسران کے اعزاز میں باربی کیو پارٹی کا اہتمام کیا گیا۔نیویارک پولیس ڈیپارٹمنٹ میں دو ہفتے قبل ڈیڑھ سو سے زائد افسران اور اہلکاروں کو اگلے عہدوں پر ترقیاں دی گئیں جن میں کئی مسلمان افسران بھی شامل تھے۔ذیشان منور،عمر لطیف،یاسین عمر اور احمد الملائیکی کو ترقی ملنے کی خوشی میں بار بی کیو پارٹی کا اہتمام کیا اور ایک بیٹھک سجائی۔حالیہ پروموشن میں سارجنٹ ذیشان منور نے انٹیلی جنس ڈویژن کے ڈیٹیکٹو اسکواڈ میں سارجنٹ سپروائزر کے عہدے پر ترقی پائی،عمر لطیف اور یاسین عمر نے ڈیٹیکٹو سے سارجنٹ کے عہدے پر جبکہ یمنی نژاد احمد الملائیکی نے ڈیٹیکٹو کے عہدے پر ترقی پائی ہے۔ڈیپارٹمنٹ کے مختلف شعبہ جات میں تعینات سینئرز اور جونیئرز اپنے دوستوں کی خوشی میں شریک ہوئے اور گپ شپ لگائی۔پارٹی میں این وائے پی ڈی کی مسلم آفیسرز سوسائٹی کے صدر اور پہلے پاکستانی نژاد انسپکٹر عدیل رانا بھی شریک ہوئے۔سرد موسم کی یخ بستہ شام میں شاندار باربی کیو کی خوشبو سے سارا لان مہک اُٹھا۔یوں دوستوں کی اس محفل نے پروموشن کی خوشی کو دوبالا کردیااور آخر میں سب نے مل کر کیک بھی کاٹا۔