نیویارک پولیس ڈپارٹمنٹ کے منشیات سے نمٹنے کے لیے نئے اقدامات
نیویارک:نیویارک پولیس ڈپارٹمنٹ نے گارمنٹ ڈسٹرکٹ میں بڑھتے ہوئے منشیات کے مسائل اور سیکیورٹی خدشات کو حل کرنے کے لیے نئے اقدامات کا اعلان کیا ہے۔ مین ہیٹن کے وسط میں فیشن اور ٹیکسٹائل صنعت کے لیے مشہور گارمنٹ ڈسٹرکٹ کھلے عام منشیات کے استعمال، نشے کی حالت میں لوگوں، اور سیکیورٹی خدشات سے بری طرح متاثر ہو رہا ہے۔ اس علاقے کے رہائشیوں اور کاروباری مالکان نے منشیات کے استعمال پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ پولیس نے منشیات کے مسائل سے نمٹنے کے لیے اضافی گشت، موثر نگرانی، اور کمیونٹی تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے نئے اقدامات کا اعلان کیا ہے۔ اس حکمت عملی کے تحت پولیس سماجی اداروں کے ساتھ شراکت داری کر رہی ہے تاکہ منشیات کے عادی افراد کو ضروری مدد فراہم کی جا سکے۔ کمیونٹی نے اس اقدام کو خوش آئند قرار ریتے ہوئے شہر اور کمیونٹی تنظیموں کے درمیان طویل مدتی حل کے لیے مزید تعاون کی درخواست بھی کی ہے۔