دو تہائی نوجوان نسل نیو یارک میں کرائے کی قیمتوں کے بوجھ تلے ہیں، رپورٹ
نیویارک:ایک حالیہ رپورٹ نے انکشاف کیا ہے کہ دو تہائی نوجوان نسل نیو یارک میں کرائے کی قیمتوں کے بوجھ تلے دبے ہوئے ہیں۔یہ رپورٹ نیویارک کے نجی میڈیا کی جانب سے پیش کی گئی ہے، جس کے مطابق جین زیز جنہیں عام طور پر 1997 سے 2012 کے درمیان پیدا ہونے والے افراد کے طور پر جانا جاتا ہے، شہر کی تیزی سے بڑھتی ہوئی کرائے کی قیمتوں کے باعث شدید مالی مشکلات کا سامنا ہے۔ مستحکم تنخواہوں اور بڑھتی ہوئی زندگی کی ضروریات نے اس صورت حال کو مزید سنگین بنا دیا ہے۔رپورٹ کے مطابق نوجوان کرایے پر اپنی آمدنی کا بڑا حصہ خرچ کر رہے ہیں، جس کی وجہ سے ان کے لیے دیگر ضروریات، جیسے کہ صحت کی دیکھ بھال، تعلیم اور ٹرانسپورٹ کے اخراجات کو پورا کرنا مشکل ہو رہا ہے۔ اس مالی دباؤ کی وجہ سے نوجوان افراد کو یا تو مشترکہ رہائش کے آپشنز اپنانے پڑ رہے ہیں، یا طویل عرصے تک اپنے خاندان کے ساتھ رہنا پڑ رہا ہے، اور بعض صورتوں میں وہ شہر چھوڑنے کا سوچ رہے ہیں تاکہ کسی سستی جگہ پر رہائش اختیار کر سکیں۔یہ رپورٹ نیو یارک شہر میں عمومی طور پر رہائشی بحران کی نشاندہی کرتی ہے، جہاں کرایے کا بوجھ یعنی آمدنی کا 30 فیصد سے زیادہ کرائے پر خرچ ہوتا ہے۔ ماہرین کے مطابق یہ صورتحال شہر کے مستقبل کے لیے طویل مدتی اثرات مرتب کر سکتی ہے، کیونکہ نوجوان نسل زیادہ سستے شہروں میں نقل مکانی کا انتخاب کر سکتی ہے، جس سے شہر کی آبادی اور معیشت متاثر ہو سکتی ہے۔