فرزندِ پاکستان رمیز خان نے باڈی بلڈنگ میں مسٹر یونیورس کا ٹائٹل جیت لیا
رمیز خان نے مردوں کی فزیک کیٹگری میں گولڈ میڈل اور پروکارڈ بھی حاصل کیا
لاس ویگاس(نمائندہ خصوصی)کراچی کے بیٹے رمیز خان نے امریکا میں پاکستان کا سر فخر سے بلند کردیا۔ لاس ویگاس میں منعقدہ مسٹر یونیورس کے مقابلے میں گولڈ میڈل جیت لیا اور مین فزیک میں مسٹر یونیورس 2024 کے بھی فاتح قرار پائے۔ رمیز خان کو پروکارڈ سے بھی نوازا گیا۔مقابلے کا انعقاد لاس ویگاس کے شہر نیواڈہ میں ہوا۔ جس میں پاکستان سمیت 44 ممالک کے ایتھلیٹس شریک ہوئے اور منفرد انداز میں تن سازی کا مظاہرہ کیا۔ مقابلے میں شریک کراچی سے تعلق رکھنے والے رمیز ابراہیم خان سب پر سبقت لے گئے اور مردوں کی فزیک کیٹیگری میں گولڈ میڈل اور پرو کارڈ حاصل کرلیا۔اس مقابلے کو دنیا کے سخت ترین باڈی بلڈنگ ایونٹس میں شمار کیا جاتا ہے۔یہ تاریخی کارنامہ پاکستان کے لیے ایک بڑا اعزاز ہے جو امریکی سرزمین پر پہلی مرتبہ جیتا گیا۔رمیز خان نے اپنی فتح کو پاکستان کے نام کیا۔اس موقع پر رمیز خان ٹائٹل جتنے کی خوشی میں آبدیدہ ہوگئے ۔رمیز خان نے میکسیکو میں منعقدہ مقابلے میں بھی رنر اپ کی حیثیت سے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے برونز میڈل جیتا۔فرزندِ پاکستان نے عالمی کامیابی سے نئی تاریخ رقم کرنے کے ساتھ ساتھ یہ مثال بھی قائم کی ہے اگر انسان کا ارادہ، عزم و ہمت اور حوصلہ چٹان کی طرح مضبوط ہو تو راستے کی مشکلیں اور رکاوٹیں کوئی معنی نہیں رکھتیں۔