لانگ آئی لینڈ میں منشیات فروش پر فردجرم عائد
فاضل جج نے 12لاکھ ڈالرز جمع کرانے کا بھی حکم دیا ۔سوفولک کاؤنٹی کے حکام کا کہنا ہے کہ 15پاؤنڈفینٹینیل کی مقدار35لاکھ افراد کی جان لے سکتی تھی
نیویارک(ویب ڈیسک) پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے بیل پورٹ سنبرسٹ لین میں واقع گھر سے15 پاؤنڈ فینٹینیل اور 17.5 پاؤنڈ کوکین سمیت 33 پاؤنڈ منشیات برآمد کرکے 43 سالہ ریمون گبسن کو گرفتار کیا۔جس پر فردجرم عائد کردی گئی ہے۔سفولک کاؤنٹی کے ڈسٹرکٹ اٹارنی ریمنڈ ٹائرنی نے کہا کہ اس آپریشن میں پکڑی جانے والی منشیات کی مقدار حیران کن ہے۔ یہاں لانگ آئی لینڈ کے ہر مرد، عورت اور بچے کو مارنے کے لیے فینٹینیل کی مقدار ہی کافی تھی ۔یہ کیس منشیات کو ختم کرنے کے لیے غیر متزلزل عزم کی نشاندہی کرتا ہے ۔منشیات ہماری کمیونٹیز کو خطرہ ہیں۔اٹارنی کے مطابق 8ہزار ڈالرز کی نقدی بھی برآمد ہوئی تھی ۔گبسن کو ایک بڑے اسمگلر کے طور پر کام کرنے، فرسٹ اور تھرڈ ڈگری میں ایک کنٹرول شدہ مادہ کا مجرمانہ قبضہ، مجرمانہ طور پر منشیات کا سامان استعمال کرنے اور ایک بچے کی فلاح و بہبود کو خطرے میں ڈالنے سمیت الزامات پر فرد جرم عائد کی گئی۔فاضل جج نے 12لاکھ ڈالرز کے بانڈ بھی جمع کرانے کا حکم دیا۔