بھارتی ہیلی کاپٹر بحیرہ عرب میں گر کر تباہ، 3 اہلکار جاں بحق
نئی دہلی( ویب ڈیسک) بھارتی کوسٹ گارڈ کا ہیلی کاپٹر بحیرہ عرب کے سمندر میں ہنگامی لینڈنگ کی کوشش میں گر کر تباہ ہوگیا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق بھارتی کوسٹ گارڈ کا ہیلی کاپٹر بحیرہ عرب میں ایک کشتی کے عملے کے بیمار رکن کو ریسکیو کرنے پہنچا تھا۔ جہاں ہیلی کاپٹر ہنگامی لینڈنگ کے دوران سمندر میں گر کر تباہ ہوگیا۔ حادثے میں 4 اہلکاروں میں سے 3 سمندر میں ڈوب گئے، جبکہ صرف ایک کو بچایا جا سکا۔ لاپتا ہونے والے 3 اہلکاروں کی تلاش جاری ہے۔ ریسکیو آپریشن میں 4 بحری جہاز اور 2 طیارے حصہ لے رہے ہیں۔ ریسکیو اہلکاروں کے مطابق ہیلی کاپٹر کا ملبہ مل گیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق تاحال ہیلی کاپٹر حادثے کی وجہ معلوم نہ ہو سکی۔ تحقیقات کے لیے انکوائری کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے۔ امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ موسم کی خرابی کی وجہ سے حادثہ پیش آیا ہوگا۔