لٹل پاکستان میں بیک ٹو اسکول پروگرام،بچوں میں اسٹیشنری اور کھلونے تقسیم
نیویارک:نیویارک کے علاقے بروکلین میں کونی آئی لینڈ ایونیو لٹل پاکستان پر نیو لائف منارٹی ہیومن رائٹس کاؤنسل کے زیر اہتمام شاہد آفریدی فاؤنڈیشین یو ایس اے کے اشتراک سے بیک ٹو اسکول کا پروگرام منعقد کیا جس میں بچوں کو اسٹیشنری کا سامان اور کھلونے تقسیم کئے گئے۔نیویارک میں بروکلین کے علاقے کونی آئی لینڈ ایونیو لٹل پاکستان پر نیو لائف منارٹی ہیومن رائٹس کاؤنسل کے زیر اہتمام اور شاہد آفریدی فاؤنڈیشن یو ایس اے کے اشتراک سے بیک ٹو اسکول پروگرام کا انعقاد کیا گیا۔
اس پروگرام کا مقصد علاقے کے بچوں کو اسکول کے آغاز کے موقع پر ضروری تعلیمی سامان فراہم کرنا تھا۔پروگرام میں بڑی تعداد میں بچوں اور والدین نے شرکت کی،جہاں بچوں کو اسٹیشنری کا سامان نوٹ بکس، پنسل، پین، اور دیگر ضروری تعلیمی اشیاء کے ساتھ ساتھ کھلونے بھی تقسیم کیے گئے۔ وائس آف ساؤتھ ایشیاء سے گفتگو کرتے ہوئے نیو لائف منارٹی ہیومن رائٹس کاؤنسل کی چئیر پرسن راحیلہ اسلم کا کہنا تھا کہ ہمارا مقصد ہے کہ ہم بچوں کو تعلیم کی طرف راغب کریں اور ان کے تعلیمی سفر کو آسان بنائیں۔اور شاہد آفریدی فاؤنڈیشن یو ایس اے کے تعاون سے ہم اس بات کو یقینی بنانا چاہتے ہیں کہ کوئی بچہ تعلیمی ضروریات کی کمی کی وجہ سے پیچھے نہ رہ جائے۔تقریب میں شریک سماجی رہنما اور نیو لائف منارٹی ہیومن رائٹس کاؤنسل کی رکن ڈاکٹر سلمیٰ کوثر نے بھی اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ہم اس طرح کے پروگرامز کے ذریعے کمیونٹی کی خدمت کر رہے ہیں۔ تعلیم ہر بچے کا حق ہے اور ہم چاہتے ہیں کہ ہر بچہ تعلیمی مواقع سے بھرپور فائدہ اٹھا سکے۔اس موقع پر پاکستان سے امریکہ آئے ہوئے چاچا کرکٹ کا کہنا تھا کہ امریکہ میں بسنےوالے بہت سے پاکستانی اچھا کام کر رہے ہیں اور آج یہاں بچوں کو دیکھ کر بہت اچھا لگ رہا ہے، چاچا کرکٹ نے اس موقع پر بچوں کے لئے نظم بھی پڑھی۔والدین نے بھی بیک ٹو اسکول پروگرام کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ اس سے نہ صرف بچوں کی حوصلہ افزائی ہوگی بلکہ والدین کو بھی اسکول کے اخراجات میں مدد ملے گی۔اس بیک ٹو اسکول پروگرام نے بروکلین کی پاکستانی کمیونٹی میں ایک خوشگوار ماحول پیدا کیا اور والدین کو یہ یقین دلایا کہ ان کے بچوں کی تعلیمی ضروریات کا خیال رکھا جارہا ہے۔ یہ اقدامات کمیونٹی میں یکجہتی اور تعاون کے جذبات کو فروغ دینے میں مددگار ثابت ہوتے ہیں۔