vosa.tv
Voice of South Asia!

کونی آئی لینڈ میں میلاد مصطفیؐ اور جلوس کے انعقاد کی تیاریاں جاری

0

نیویارک(بیورو رپورٹ)صاحبزادہ پیر سید صفدر حسین شاہ کی سربراہی میں منعقد ہ اجلاس میں طے پایا کہ اس سال15 ستمبر کو کونی آئی لینڈ ایوینیو پر میلادمصطفیٰ اور جلوس کا انعقاد کیا جائے گا۔انجمن غوثیہ نیویارک ہر سال ربیع الاول کے مہینے میں نبی کریم حضرت محمد مصطفی ﷺ کے جشن ولادت کے سلسلے میں میلاد شریف اور جلوس کا اہتمام کرتی ہے۔ اس سال انجمن غوثیہ نیویارک کے زیر اہتمام ربیع الاول کے 39ویں جلوس کا انعقاد 15 ستمبر کو ہوگا،نیویارک کے مقامی ریسٹورنٹ میں جلوس کے انتظامی امور کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا۔

تقریب کا آغاز تلاوت کلام سے ہوا،بعدازاں بارگاہ رسالت میں نعت رسول مقبول پیش کی گئی۔انجمن غوثیہ کے صاحبزادہ پیر سید صفدر حسین شاہ نے اجلاس کے بعد جلوس کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ ہر سال کی طرح اس سال بھی میلاد شریف اور جلوس کا اہتمام کونی آئی لینڈ ایوینیو پر کیا جائے گا اور اپنے مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا مکی مسجد پر اختتام پزیر ہوگا۔صاحبزادہ پیر سید صفدر حسین شاہ  نے بتایا کہ مکی مسجدمیں علماء، نعت خواں اور مذہبی شخصیات سیرت النبی ﷺ کے موضوعات پر خطبات دیں گے، نعتیں پڑھی جائیں گی اور لوگ حضور ﷺ کی شان میں قصیدہ خوانی کریں گے۔ یہ محفل محبت، عقیدت، اور روحانیت سے بھرپور ہوتی ہے۔اس موقع پر کمیونٹی کی سماجی و دیگر شخصیات نے پیر سید صفدر حسین شاہ کی اس سالانہ کاوش کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ تقریب لوگوں کے دلوں میں ایمان کی روشنی اور حضورؐ کی محبت کو مزید فروغ دیتی ہے اور انہیں اپنی زندگی میں نبی کریمؐ کی تعلیمات پر عمل کرنے کی ترغیب دیتی ہے۔اجلاس میں موجود نیویارک پولیس ڈیپارٹمنٹ کی مسلم پولیس آفیسرز سوسائٹی کے صدر انسپکٹر عدیل رانا  کا کہنا تھا کہ پولیس ڈیپارٹمنٹ آپکی حفاظت پر معمور ہے جہاں کہیں کوئی ضرورت ہو تو ہم دستیاب ہیں لیکن ساتھ ہی جلوس کے شرکاء کو اچھے شہری ہونے کا ثبوت دیتے ہوئے مکمل تعاون کرنا چاہیئے۔اجلاس کے آخر بعد پیر سید صفدر حسین شاہ نے خصوصی دعا کروائی ۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.