بروکلین میں روحانی محفل کا انعقاد،علامہ مقصود احمد قادری کا خطاب
نیویارک(بیورو رپورٹ)جامعہ محمدیہ رضویہ مسجد بروکلین میں سید علی ہجویری المعروف داتا گنج بخش لاہور کے دربار سے تشریف لائے علامہ محمد مقصود احمد قادری کے خصوصی خطاب کا انعقاد کیا گیا۔اس دینی و روحانی محفل کا اہتمام مسجد کے جنرل سیکرٹری محمد ثمر کی میزبانی میں ہوا۔
علامہ محمد مقصود احمد قادری نے اپنے خطاب میں حاضرین کو دینی تعلیمات سے روشناس کروایا اور خصوصی دعا کی۔نیویارک کے علاقے بروکلین میں واقع جامعہ محمدیہ رضویہ مسجد میں بعد نماز جمعہ پاکستان میں سید علی ہجویری المعروف داتا گنج بخش لاہور کے دربار سے امریکہ کے دورے پر آئے ہوئے معروف عالم دین علامہ محمد مقصود احمد قادری کے خصوصی خطاب کا اہتمام کیا گیا۔اس موقع پر مسجد کے جنرل سیکرٹری محمد ثمر نے علامہ صاحب کا خیرمقدم کیا اور ان کی آمد پر خوشی کا اظہار کیا۔محفل کا آغاز پر تلاوت کلا م پاک سے ہوا جبکہ حاجی غلام صابر اور دیگر نے بارگاہ رسالت میں گلہائے عقیدت پیش کئے۔علامہ محمد مقصود احمد قادری کا خطاب ربیع الاول کی مناسبت سے روحانی و دینی موضوعات پر مشتمل تھا، جس نے سامعین کو بہت متاثر کیا۔علامہ محمد مقصود احمد قادری نے اپنے خطاب کے دوران بتایا کہ اللہ تعالی نے ختم نبوت کا تاج پہنا کر حضور اکرمؐ کو اس دنیا میں مبعوث فرمایا اور قیامت تک آپکی نبوت اور رسالت جاری رہے گی۔اپنے بیان میں علامہ محمد مقصود احمد قادری نے حضرت داتا گنج بخش ؒ کی دین کے لئے خدمات کو بیان کرتے ہوئے کہا کہ داتا صاحب نے کفر کے اندھیرے میں توحید کے نور کا وہ چراغ روشن کیا جس کی روشنی آج بھی قلوب و ازہان کو منور کررہی ہے، انہوں نے کہا کہ اگر کوئی پیر کامل کو تلاش کرنا چاہتا ہے تو حضرت صاحب کی کتاب کشف المحجوب پڑھے۔بعد از خطاب درود وسلام پڑھا گیا۔اس موقع پر علامہ محمد مقصود احمد قادری نے محمد ثمر اور ان کے خاندان کے لیے خصوصی دعا کی،جس میں مسجد کے صدر مولانا بشیر اور کمیٹی کے دیگر اراکین بھی شامل تھے۔اس موقع پر پاکستانی امریکی کمیونٹی کے افراد بھی بڑی تعداد میں موجود تھےجو اس بابرکت موقع سے فیض یاب ہوئے۔جامعہ محمدیہ رضویہ مسجد کے ذمہ داران نے اس کامیاب پروگرام کے انعقاد پر خوشی کا اظہارکرتے ہوئے مسجد کے جنرل سیکرٹری محمد ثمر کی اس کاوش کو سراہا اور تمام شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔