یادگارِ غلامی کے عالمی دن پر سٹی ہال اور دیگر عمارتیں پیلی روشنی میں جگمگائیں گی
نیویارک:نیویارک کے میئر ایرک ایڈمز نے غلامی کی یاد کے عالمی دن کے موقع پر سٹی ہال اور دیگر بلدیاتی عمارتوں کو آج رات پیلی روشنی سے منور کرنے کا اعلان کیا ہے۔میئر ایڈمز نے اپنے بیان میں کہا کہ آج ہم غلامی کے غیر انسانی عمل پر غور کرتے ہیں اور ان لوگوں کو یاد کرتے ہیں جنہوں نے ہیٹی میں عدل کے نام پر غلامی کے خاتمے کے لیے جنگ لڑی اور خود کو آزادی، وقار اور مساوات کے مشترکہ اصولوں کے لیے وقف کیا ۔مئیر ایڈمز نے کہا کہ ایک بہتر مستقبل کی تعمیر کے لیے ہمیں اپنے ماضی کے مسائل کو سمجھنا ہوگا۔آئیں ہم سب مل کر اپنی اجتماعی تاریخ کو یاد کریں اور اس تکلیف دہ لمحے کو ایک بامقصد واقعے میں بدلنے کے لیے استعمال کریں۔اقوام متحدہ کے تعلیمی، سائنسی، اور ثقافتی ادارے (یونیسکو) نے 1998 میں غلامی کی یاد کے دن کو منانے کا آغاز کیا تھا۔یہ دن ہیٹی کے غلاموں کی 1791 کی بغاوت کی یاد میں منایا جاتا ہے، جو ہیٹی کے انقلاب اور غلامی کے خاتمے کی تحریک کا آغاز تھا۔میئر ایڈمز نے ٹرانس اٹلانٹک غلامی کی المناک داستان اور بغاوت کے اس اہم کردار کو بھی تسلیم کیا جس نے اس کے خاتمے میں مدد کی۔سٹی ہال کے علاوہ برونکس بورو ہال،بروکلن بورو ہال،ڈیویڈ این ڈنکنز مین ہٹن میونسپل بلڈنگ، گریسی مینشن، کویینز بورو ہال اور اسٹیٹن آئی لینڈ بورو ہال بھی آج غروب آفتاب کے بعد پیلی روشنی سے جگمگائیں گے۔