نیویارک:موسلا دھار بارش سے سڑکیں زیر آب،پروازیں منسوخ
نیو یارک میں اتوار کی رات موسلادھار بارش نے مسافروں کے لیے مشکلات کھڑی کردیں، جس کی وجہ سے شہریوں کو ٹرینوں میں تاخیر، پروازوں کی منسوخی اور متعدد پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑا۔ٹرائی اسٹیٹ ایریا میں آنے والے شدید طوفان سے سڑکیں زیر آب آگئیں اور ایئر پورٹ پر لوگوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں،حیران کن ویڈیوز اور تصاویر میں گاڑیاں بڑھتے ہوئے پانی سے نبرد آزما دکھائی دیں جبکہ شہر کے حکام نے پانچوں بوروزمیں ایمرجنسی کا اعلان کیا تھا۔مین ہٹن، برونکس اور کوئنز کے مختلف علاقوں میں اہم شاہراہوں پر پانی کھڑا ہونے کی وجہ سے کچھ سڑکوں پر کم از کم ایک لین بند کر دی گئی۔ ٹریفک کیمروں کے مطابق گارڈن اسٹیٹ پارک وے کے کچھ حصے پانی میں ڈوب گئے، جبکہ دیگر سوشل میڈیا تصاویر میں گاڑیاں شاہراہ پر تیزی سے بڑھتے ہوئے پانی کے درمیان راستہ تلاش کرنے کی کوشش کرتی دکھائی دیں۔کنیکٹیکٹ کے قصبے آکسفورڈ میں تیزی سے بہنے والے پانی سے گاڑیاں بہہ گئیں، جبکہ کچھ گاڑیاں پانی میں ڈوبی ہوئی نظر آئیں۔ لاگارڈیا ایئرپورٹ پر مسافر طویل قطاروں میں کھڑے دکھائی دیے، کیونکہ خراب موسم کی وجہ سے درجنوں پروازیں منسوخ ہو گئیں۔لاگارڈیا اور نیوارک لبرٹی انٹرنیشنل ایئرپورٹ نے اتوار کی دوپہر سے شام تک کے موسم کی وجہ سے پروازوں میں خلل پڑنے کی اطلاع دی۔NYPD نے خبردار کیا کہ JFK ایئرپورٹ پر بھی پروازوں میں خلل کی توقع کی جا رہی ہے۔ موسمیاتی ماہر اسکاٹ ہومین کے مطابق پیر کی دوپہر مزید طوفان نیویارک شہر کو متاثر کر سکتے ہیں۔پیر کے روز بروکلین کے تمام ساحلوں، راک وے بیچز اور ریئس بیچ پر خطرناک سمندری لہروں کی وجہ سے تیراکی پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔