نیویارک میں ڈی آئی جی رانا شہزاد کے اعزاز میں ہونے والی دعوت میں معروف شخصیات شریک
نیویارک:نیویارک میں مرزا خاور بیگ کی رہائش گاہ پر پنجاب پولیس کے ڈی آئی جی رانا شہزاد،کاروباری شخصیت سردار عبد السمیع اور ملک خرم کے اعزاز میں ایک شاندار دعوت کا اہتمام کیا گیا۔نیویارک میں پاکستانی امریکن کمیونٹی کی کاروباری و سماجی شخصیت خاور بیگ کی رہائش گاہ پر پاکستان سے آئے ہوئے پنجاب پولیس کے ڈی آئی جی رانا شہزاد ،کمیونٹی کی کاروباری شخصیت سردار عبدالسمیع اور ملک خرم کے اعزاز میں عشائیہ کا اہتمام ہوا۔
سردار عبدالسمیع نے اے پی پیک کی ٹیم کی پاکستان آمد کے دوران بلوچستان کے دورے پر بھرپور مہمان نوازی کی تھی ۔تقریب میں نیویارک پولیس میں پاکستانی نژاد انسپکٹر عدیل رانا اور حال ہی میں ڈپٹی انسپکٹر کے عہدے پر ترقی پانے والے جہانگیر اشرف اور اے پی پیک کے چئیرمین ڈاکٹر اعجازاحمد بھی شریک ہوئے۔تقریب میں موجود افراد نے جہانگیر اشرف کو ان کی نئی تقرری پر مبارکباد پیش کی۔تقریب کے میزبان خاور بیگ اور دیگر کا کہنا تھا کہ این وائے پی ڈی میں عدیل رانا اور جہانگیر اشرف ہمارا فخر اور نوجوانوں کے آئیڈل ہیں،ہمیشہ نئے آنے والوں کی حوصلہ افزائی اور رہنمائی کرتے ہیں۔اس موقع پر خاور بیگ نے اپنے مہمانوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس قسم کی تقریبات کمیونٹی کے افراد کو ایک دوسرے کے قریب لانے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔مہمانوں کے لئے بہترین اور پرتکلف کھانے کا اہتمام کیا گیا تھا،جس سے شرکاء نے بھرپور لطف اٹھایا۔