نیوجرسی میں مادھوری ڈکشٹ کا جادو سر چڑھ کر بولنے لگا
مادھوری نے اپنی اداؤں سے سینکڑوں مداحوں کو سحر میں جکڑ لیا،شاندار ڈانس پرفارمنس نے محفل ہی لوٹ لی،مداح مادھوری کو اپنے درمیان پاکر خوش ہوئے
نیوجرسی:ورلڈ اسٹار انٹرٹینمنٹ کے زیر اہتمام بالی ووڈ کی معروف اداکارہ سپر اسٹار مادھوری ڈکشت کے ساتھ An Evening with Madhuri Dixit ایونٹ کا شاندارانعقاد کیا گیا، عتیق شیخ کے اس ایونٹ میں مادھوری کے سینکڑوں مداحوں نے شرکت کی۔ نیو جرسی کے ڈیلٹا ہوٹلز ووڈبرج میں بالی ووڈ کی سپر اسٹار مادھوری ڈکشٹ کے ساتھ "An Evening with Madhuri Dixit” کے عنوان سے ایک شاندار ایونٹ کا انعقاد ہوا۔ یہ ایونٹ عتیق شیخ کی کمپنی ورلڈ اسٹار انٹرٹینمنٹ کے زیر اہتمام منعقد کیا گیا تھا، جس میں سینکڑوں مداحوں نے شرکت کی اور اپنی پسندیدہ اداکارہ کو قریب سے دیکھنے کا موقع پایا۔ شرکاء نے مادھوری ڈکشت کا والہانہ استقبال کیا۔ مادھوری کی دلکش مسکراہٹ اور بہترین انداز نے ایونٹ کو یادگار بنا دیا۔مادھوری ڈکشت نے اپنے کیریئر کے اہم لمحات، ذاتی تجربات اور بالی ووڈ انڈسٹری کے بارے میں بات چیت کی۔ ان کی باتیں سن کر مداح جذباتی ہو گئے اور کئی مداحوں نے ان کے ساتھ یادگار لمحے شیئر کیے۔ایونٹ کا سب سے دلکش حصہ مادھوری ڈکشت کی ڈانس پرفارمنس تھی۔
انہوں نے اپنے مشہور گانوں پر رقص کیا جس نے مداحوں کو جادوئی لمحات میں جکڑ لیا۔منتخب مداحوں کو مادھوری ڈکشت کے ساتھ ملاقات اور فوٹوگرافی کا موقع ملا۔ ان لمحات کو مداحوں نے ہمیشہ کے لیے یادگار بنا لیا۔ورلڈ اسٹار انٹرٹینمینٹ کے روح رواں اور ایونٹ پروموٹر عتیق شیخ نے اپنی خوشی کا اظہار کرتے ہوئے مادھوری کا خصوصی طور پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ مادھوری کی موجودگی سب کے لیے باعث فخر ہےاور وہ ان کے وقت اور تعاون کے شکر گزار ہیں۔ اس موقع پر مادھوری ڈکشٹ نے پروموٹر اور ایونٹ آرگنائزر کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ اس تقریب کا حصہ بن کر بہت خوش ہیں اور انہوں نے اس موقع پر عتیق شیخ اور ان کی ٹیم کی تعریف کی جنہوں نے ایونٹ کو کامیاب بنانے کے لیے انتھک محنت کی۔ مادھوری نے مزید کہا کہ ان کا ایونٹ میں شامل ہونا ایک خوشگوار تجربہ رہا اور وہ مستقبل میں بھی اس قسم کے پروگرامز کا حصہ بننا چاہیں گی۔ انہوں نے ایونٹ کے شرکاء کا بھی شکریہ ادا کیا جنہوں نے ان کے کام کی پذیرائی کی اور اپنی محبت کا اظہار کیا۔ایونٹ کے دوران مہمانوں کو مختلف قسم کے لذیذ کھانے اور مشروبات پیش کیے گئے۔اس ایونٹ نے ثابت کیا کہ مادھوری ڈکشت آج بھی دلوں پر راج کرتی ہیں اور ان کے مداح ان سے بےپناہ محبت کرتے ہیں۔