کوئنز میں آگ نے7خاندانوں کو بےگھر کردیا
آگ نے گھروں کو بری طرح نقصان پہنچایا اور گھروں میں رکھی ہوئی اشیاء مکمل طور پر جل گئیں جبکہ گاڑیاں بھی مکمل طور پر جل کر خاکستر ہو گئیں،خواتین اور بچے آبدیدہ ہو گئے
نیویارک(ویب ڈیسک)نیویارک کے علاقے کوئنز میں آگ نے7خاندانوں کو بے گھر کردیا ہے ،آگ پر قابو پانے کے دوران 11فائر فائٹر سمیت14افراد زخمی ہوگئے۔ ہفتے کی شام کوئنز ولیج میں ہلسائیڈ ایوینیو اور 89 ویں ایوینیو کے قریب گھرمیں اچانک آگ بھڑک اٹھی ۔آگ اتنی شدید تھی کہ دیکھتے ہی دیکھتے برابر کے6گھروں کو لپیٹ میں لے لیا۔اس دوران مکینوں نے فائر ڈیپارٹمنٹ کو واقعہ کی اطلاع دی۔فائر فائٹر موقع پر پہنچ گئے اور آگ پر قابو پانے کی کوشش شروع کردی ۔آگ اتنی شدید تھی کہ فائر فائٹر نے پانچواں الارم بجا دیا۔حکام کا کہنا ہے کہ جب گھروں میں آگ لگی تھی تو مکین گھروں سے باہر نکل آئے تھے اس دوران دادی اپنی پوتی کو تلاش کررہی تھی جو کہ فٹ پاتھ پر سائڈ پر بیٹھی ہوئی تھی ۔ایف ڈی این وائی کے فرسٹ ڈپٹی کمشنر جوزف فیفر نے کہا کہ فائر ڈپارٹمنٹ نے واقعہ کی اطلاع ملتے ہی دو منٹ کے اندر گاڑیاں جائے وقوع پر پہنچ گئی تھیں۔ایف ڈی این وائی کا کہنا ہے کہ آگ فرانسس لیوس بلیوارڈ پر گھر کے عقب میں لگی تھی۔وہاں سے پھیلتے ہوئے کاروں، گیراجوں کو آگ لگ گئی جس کے بعد مزید6گھروں کو لپیٹ میں لے لیا۔ایف ڈی این وائی کے قائم مقام چیف آف ڈیپارٹمنٹ جان ایسپوزیٹو نے کہا کہ یہ ایک بہت مشکل فائر فائٹ تھی ۔آگ بہت خوفناک لگی تھی جبکہ موسم بہت گرم اور مرطوب ہے یہ ہمارے فائر فائٹرز کو نقصان پہنچاتا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ امدادی کارروائی کے دوران 11 فائر فائٹرز کو چوٹیں آئیں ہیں اور تین شہری بھی زخمی ہوئے ہیں۔انہوں نے واضح کیا کہ گھر کے پیچھے ملبے کا ڈھیر تھا جہاں پر پروپین سلنڈر رکھا ہوا تھا اس کی وجہ سے آگ لگی تھی۔