نیویارک پولیس نے دو بڑے گینگ کے خاتمے کا اعلان کردیا
نیویارک (ویب ڈیسک) پولیس نے برونکس کے علاقوں میں چھاپہ مار کارروائیاں کرتے ہوئے 2بڑے گینگ کے اراکین کو گرفتار کیا ۔جس میں سرغنہ بھی شامل ہیں۔پولیس حکام نے کامیاب کارروائیوں کے بعد اعلان کیا کہ برونکس سے2بڑے گینگ کا خاتمہ کردیا گیا ہے۔برونکس کے ڈسٹرکٹ اٹارنی ڈارسل کلارک نے کہا کہ جرائم پیشہ عناصر نے برونکس میں ماحول خراب کررکھا تھا جس پر پولیس نے کریک ڈاؤن کیا اور ایک کیس میں 20ملزمان جبکہ دوسرے میں 15ملزمان کی گرفتاریاں عمل میں آئی ہیں۔ملزمان پر سازش، قتل کی کوشش، ڈکیتی اور حملوں سمیت دیگر دفعات کے تحت مقدمات قائم کیے گئے ہیں ۔کلارک نے مزید کہا کہ کارروائیوں کے دوران پولیس اسلحہ بھی ضبط کیا ہے۔تفتیش کاروں کا کہنا ہے کہ گینگ کے ارکان نے کیسل ہل میں جاگنگ کرتے ہوئے آف ڈیوٹی افسر محمد چودھری پر حملہ کیا۔دیگر وارداتوں میں بھی ملوث ہیں۔پولیس کا کہنا ہے کہ شہر میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔