vosa.tv
Voice of South Asia!

نیو یارک:مکی مسجدمیں عظیم الشان سالانہ شہادت کانفرنس

0

نیو یارک کے علاقے بروکلین میں قائم مکی مسجد میں  امام حسینؑ اور دیگر شہدائے کربلا کے حضور محبتوں   کا خراج پیش کرنے کے لیے شہادت امام حسینؑ کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔ کانفرنس میں واقعہ کربلا، شہادت امام حسین ؑ اور شہداءکربلا کی عظیم قربانیوں اور فلسفہ شہادت امام حسین ؑ اور دین اسلام میں امام عالی مقام ؑ حضرت سیدنا امام حسینؑ کے مقام و تعلیمات کے اہم پہلوؤں پر روشنی ڈالی گئی۔ہر سال کی طرح اس سال بھی نیویارک میں،نواسہ رسول،جگر گوشہ علی ؓ و بتول ؓ ،سید الشہداءامام عالی مقام حضرت سیدنا امام حسین ؑ اور دیگر شہداءکربلا کے حضور عقیدتوں اور محبتوں کا خراج پیش کرنے کے لئے سالانہ شہادت کانفرنس منعقد ہوئی۔پرویز اشرف اور محمد شفیق مہر کے زیر انتظام  شہادت کانفرنس میں پاکستانی امریکن کمیونٹی کی مقامی اہم شخصیات اور ارکان نے بڑی  تعدادمیں شرکت کی۔ثناءخوانان اور منقبت خوانان نے بار گاہ مصطفی ﷺ اور بار گاہ حسینیت ؓ میں ہدئیہ عقیدت پیش کیا۔شہادت کانفرنس سے خطاب کے دوران علمائے اکرام  نے سید الشہدائؓ امام حسین ؓ سمیت شہداءؓکربلا ؓ کی عظیم و بے مثال قربانی کو نہایت و عقیدت و احترام کے ساتھ بیان کرتے ہوئے بھر پور والہانہ خراج عقیدت پیش کیا اور فلسفہ شہادت اور واقعہ کربلا کے اثرات کے اہم پہلووں کو نہایت ہی مدلل انداز میں واضح کیا۔مسجد کی فضاءتمام وقت نعرہ تکبیر، نعرہ رسالت ﷺ اور نعرہ حیدری سے گونجتی رہی۔ کانفرنس میں قرأ حضرات نے تلاوت قرآن مجید اور ثناء خوانانِ مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں گلہائے عقیدت کے پھول نچھاور کرنے کے ساتھ ساتھ امام عالی مقام امام حسین علیہ السلام،اہلِ بیت اطہار اور شہدائے کربلا کے حضور بھی خراجِ عقیدت پیش کیا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.