پاک فوج اور شہداء ہمارے ماتھے کا جھومر ہیں،اوور سیز پاکستانی گلوبل فاؤنڈیشن
امریکا میں مقیم اوور سیز پاکستانیوں نے پاک فوج اور شہداء کو ملک کا ہیرو قرار دے دیا۔اوور سیز پاکستانی گلوبل فاؤنڈیشن کا کہنا ہے افواج پاکستان ملک کی سلامتی کی ضمانت ہے۔اوور سیز پاکستانی گلو بل فاؤنڈیشن کے چیئرمین ظہیر مہر نے فاؤنڈیشن کے دیگر اراکین کے ہمراہ نیویارک میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بنوں میں فوجی جوانوں کی شہادت پر دلی افسوس کا اظہار کرتے ہوئے شہداء کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ ان کہنا تھا کہ پوری دنیا اس بات کی معترف ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سب سے زیادہ قربانیاں پاکستان نے دی ہیں۔افواج پاکستان کے خلاف ہرزہ سرائی کرنے والے ملک کے خیر خواہ نہیں ہوسکتے۔ظہیر مہر کا مزید کہنا ہے کہ شہداء ہمارے ماتھے کا جھومر ہیں۔اس موقع پر انھوں نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج کے شہداء اور ان کے خاندانوں سے اظہارِ یکجہتی کے لیے مہم شروع کرنے کا بھی اعلان کیا۔اس موقع پر او پی جی ایف کے رہنما شکیل شیخ کا کہنا تھا کہ ہم نے پاک فوج کے شہداء سے اظہارِ یکجہتی کے لیے نیویارک کے مقامی سیاستدانوں سے بھی رابطے شروع کردیے ہیں۔اوورسیز پاکستانی گلوبل فاؤنڈیشن کے رہنماؤں کا مزید کہنا تھا کہ جو قومیں اپنے شہداء کی قربانیوں کی قدر نہیں کرتی وہ جلد تباہ ہوجاتی ہیں۔اس موقع پر اوور سیز پاکستانیوں نے پاک فوج کے شہداء سے اظہارِ یکجہتی کیا اور تجدید عہد کرتے ہوئے دستخط بھی کیے ۔