نیویارک:بروکلین میں المہدی سینٹر سے 10 محرم الحرام کا جلوس برآمد ہوا
نیو یارک کے علاقے بروکلین کے لٹل پاکستان کونی آئی لینڈ ایوینیو پر واقع المہدی سینٹر سے 10 محرم الحرام کا جلوس برآمد ہوا،جو کونی آئی لینڈ سے ہوتا ہوا فوسٹر ایوینیو پر اختتام پزیر ہوا،جلوس میں عزداروں نے ماتم اور نوحہ خوانی بھی کی۔ المہدی سینٹر سے شبیہ تابوت سے جلوس کا آغاز ہوا۔دس محرم کے جلوس میں سینکڑوں کی تعداد میں مرد و خواتین اور بچوں نے شرکت کی ۔معصوم بچے جلوس کے تمام رستے پیدل چلتے رہے۔اس موقع پر سبیلیں لگائی گئیں،جلوس میں کمیونٹی کے لوگوں نے بھی انتظامی سرگرمیوں میں حصہ لیا۔جلوس میں غازی عباس علمدار کا علم پاک بھی برآمد ہوا، عزداروں نے جلوس میں نوحہ خوانی بھی کی۔جلوس کے دوران شرکاء نے لبیک یا حسین اور لبیک یا زہرہ سلام اللہ علیہ کے نعرے بھی لگائے۔اس موقع پر علمائے ا کرام اور جلوس کے دیگر شرکاء نے امام حسین کی اسلام کے لئے دی گئی قربانی اور اس کے درس کو تازہ کیا۔جلوس کے شرکاء نےواقعہ کربلا کی یادمیں اہلبیت کے لئے لکھا گیا کلام بھی پڑھا۔