شہید بے نظیر بھٹو کی سالگرہ امریکا میں شایان شان طریقے سے منائی گئی
مسلم دنیا کی پہلی خاتون وزیرِ اعظم شہید بے نظیر بھٹو کی71ویں سالگرہ امریکا میں بھی شایانِ شان طریقے سے منائی گئی۔ پیپلز پارٹی کے جیالوں کاکہنا ہے کہ ملک دشمنوں نے ہماری قائد کو ہم سے چھین لیا لیکن ان کا نظریہ ہمیشہ زندہ رہے گا۔پیپلز پارٹی کے بانی شہید ذو الفقار علی بھٹو کی صاحبزادی بےنظیر بھٹو 71ویں یومِ پیدائش پر پیپلز پارٹی یو ایس اے کے زیرِ اہتمام نیویارک میں بھی جشن منایا گیا،کونی آئی لینڈ ایونیو پر مقامی ریسٹورانٹ میں منعقدہ تقریب کی ابتداء تلاوتِ کلامِ پاک اور نعت ِ رسول ِ مقبول ﷺ سے ہوئی۔سالگرہ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پیپلز پارٹی یو ایس اے کے صدر خالد اعوان کا کہنا تھا کہ بے نظیر نے اپنی زندگی پاکستان اور قوم کے لیے وقف کی،اس لیے وہ آج بھی ہم سب کے دلوں میں زندہ ہیں اور ہمیشہ زندہ رہیں گی ۔تقریب میں نہ صرف پیپلز پارٹی کے ورکرز بلکہ پاکستان کی مختلف سیاسی جماعتوں سے وابستہ ارکان نے بھی شرکت کی۔
شرکاء سے خطاب میں پی پی پی یو ایس اے امریکا کے سینئر نائب صدر جمشید اقبال گجر، نیویار ک کے صدر ظفر چٹھہ، سلمان بٹ اور صفدر ہمایوں کا کہنا تھا کہ بے نظیر بھٹو کی ساری زندگی عوام کے حقوق کی جدوجہد میں گزری،ان کے جانے کا خلاء کبھی پورا نہیں ہوسکے گا۔تقریب کے مہمانِ خصوصی ممتاز کشمیری رہنما غلام نبی فائی نےکہا بے نظیر بھٹو قائدانہ صلاحیتوں کی مالک تھیں،وہ صرف پاکستان ہی کی نہیں بلکہ مسلم دنیا کی لیڈر تھیں۔ سالگرہ کے جشن میں پیپلز پارٹی کے مرد اور خواتین ورکرز نے اپنی لیڈر کو زبردست انداز میں خراجِ تحسین پیش کیا۔ان کا کہنا تھا کہ بے نظیر سے وفاداری نبھانے کا بہترین طریقہ یہی ہے کہ جمہوریت کی بقاء اور عوامی حقوق کے لیے ان کی جدوجہد جاری رکھی جائے۔اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے دیگر مقررین کا کہنا تھا کہ بے نظیر بھٹو دور اندیش تھیں اور اپنے دورِ اقتدار میں نہ جرات مندانہ بلکہ داشمندی پر مبنی فیصلے کیے،پاکستانی قوم کو شاید ہی کبھی دوبارہ ایسی خاتون لیڈر نصیب ہوں۔آخر میں پیپلز پارٹی کے عہدیداران اور ورکرز نے ملکر شہید بے نظیر بھٹو کی اکہتر ویں سالگرہ کا کیک کاٹا اور ساتھ ہی ساتھ یہ تجدیدِ عہد بھی کیا وہ ذوالفقار علی بھٹو اور بے نظیر بھٹو کے نظریہ، فلسفہ اور ویژن کو آگے بڑھانے کے لیے اپنا ہر ممکن کردار ادا کریں گے۔