vosa.tv
Voice of South Asia!

بیماریوں کا بروقت علاج دماغی صحت کے لیے بہتر

0

عزم وہمت اور حوصلے کی پہچان فہمیدہ احمد کو ایوارڈ سے نوازا گیا

نیویارک میں پاکستانی امریکن خواتین پر مشتمل سماجی تنظیم نے دماغی صحت کی آگہی کے لیے سیمینار منعقد کیا،  قونصل جنرل عامر احمد اتوزئی نے طویل  عرصے سے اپنے بیمار شوہر کی دیکھ بھال اور معذور بچوں کی پرورش کرنے والی پاکستانی خاتون فہمیدہ احمد کو ایوارڈ زسے نوازا۔بروکلین کے علاقے کونی آئی لینڈ کے مقامی ریسٹورانٹ میں نیولائف منارٹی ہیومن رائٹس کونسل کے زیر اہتمام ماؤں  کے عالمی دن اور  مینٹل ہیلتھ کی مناسبت سے "آپ تنہا نہیں "کے  عنوان سے منعقدہ آگہی سیمینار کا آغاز تلاوتِ کلام ِپا ک سے ہوا اور نعت رسو ل ِ مقبول بھی پڑھی گئی۔آگہی  سیمینار میں مختلف شعبہ جات سے وابستہ  پاکستانی امریکن خواتین کی کثیر تعداد شریک تھی۔سیمینار کی نظامت  ڈاکٹر منہال علی کررہی تھیں جنھوں نے تمام مہمانوں کا تعارف کروایا اور ان کی آمد پر خیر مقدم بھی کیا۔ اس موقع پر نیولائف منارٹی ہیومن رائٹس کونسل کی چیئر پرسن راحیلہ اسلم،ڈاکٹر سلمیٰ کوثر اور ڈاکٹر منہال علی نے مینٹل ہیلتھ کے موضوع پر روشنی ڈالی،اپنی پیشہ ورانہ زندگی  کے تجربات کا خلاصہ کیا اور  شرکاء کو مشورے بھی دیے۔ سیمینار میں پاکستان کے قونصل جنرل عامر احمد اتوزئی اور نیویارک پولیس کی مسلم آفیسرز سوسائٹی کے صدر انسپکٹر عدیل رانا بھی شریک تھے۔شرکاء سے خطاب میں ان کاکہنا تھا کہ دماغی صحت ایک اہم معاملہ ہے،اس سے جڑی بیماریوں اور کیفیت کو کبھی بھی نظر انداز نہیں کرنا چاہیے،ہمیں ایک دوسرے کا سہارا بننے کی ضرورت ہے ۔تقریب کے شرکاء نے  مینٹل ہیلتھ کی مناسبت سے سبز رنگ  کے ملبوسات زیب تن کیے ہوئے تھے اور  ہال کو بھی مختلف رنگوں اور غباروں سے سجایا گیا تھا۔ سیمینار میں سٹی کونسل کے اراکین، ان کے دفتری امور کے نمائندوں نے بھی شرکت کی۔آگہی سیمینار میں  پاکستانی کمیونٹی کی  تنظیموں  کے  ارکان اور  کمیونٹی کی خواتین کا کہنا تھا کہ دماغی صحت سے جڑی مختلف  بیماریوں کو  نظر انداز کرنا مسائل کا حل نہیں  بلکہ امراض کو مزید پیچیدہ بنادیتا ہے۔ اس موقع پر نیویارک میں مقیم  پاکستانی خاتون فہمیدہ احمد جو چالیس سے  سال سے اپنے معذور  بچوں کی  پرورش اور بیس سال سے  بیمار شوہر کی تیماداری کررہی ہیں، ان پر بنائی گئی وائس آف ساوتھ ایشیا کی اسپیشل رپورٹ دکھائی گئی جبکہ  قونصل  جنرل  عامر احمد  اتوزئی نے فہمیدہ احمد کے عزم و ہمت  اور حوصلے کو سراہتے ہوئے نیو لائف کی طرف سے ایوارڈ  سے بھی نوازا۔۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.