پاکستانی کمیونٹی لیڈر نے سندھ کے قصبے میں نئی مسجد کی تعمیر شروع کرادی
کمیونٹی سینٹر کی بھی تعمیر کا آغاز،بچے ،بچیوں اور نوجوانوں کو دینی و دنیانوی تعلیم دی جائے گی
نیویارک:نیویارک کی غیرسرکاری وغیرمنافع بخش تنظیم بسمہ اللہ فاؤنڈیشن نے سندھ کے قصبے میں مسجد وکمیونٹی سینٹر کی تعمیر کا آغاز کردیا ہے ۔نیویارک میں پاکستانی کمیونٹی کی سماجی و کاروباری شخصیت عثمان عباس نے اپنے ہم وطنوں کی مدد کے لیے بسمہ اللہ فاؤنڈیشن کی بنیاد رکھی جو اب مختلف شعبوں میں خدمات انجام دے رہی ہے۔سماجی تنظیم کے پلیٹ فارم سے یتیم و مسکین بچوں کو مفت تعلیم دی جارہی ہے اس کے ساتھ ساتھ ضرورت مند اور سفید پوش گھرانوں میں باقائدگی سے ماہانہ راشن فراہم کیا جارہا ہے۔مختلف علاقوں میں دستر خوان سجانے کا اہتمام ، دیہی علاقوں میں صاف پانی کے پلانٹ کی تنصیب،میڈیکل کیمپ اور خواجہ سرا کمیونٹی کے لیے مدرسہ اور شیلٹر ہوم کا قیام بھی بسمہ اللہ فاؤنڈیشن کی فلاحی سرگرمیوں میں شامل ہے،اب سندھ کے دیہی علاقے میں ایک مسجد کی تعمیر شروع کردی گئی ہے۔بسمہ اللہ فاؤنڈیشن کے سربراہ عثمان عباس کا کہنا ہے کہ یہ صرف مسجد ہی نہیں بلکہ کمیونٹی سینٹر بھی ہوگا جہاں سے بچوں اور نوجوانوں کو تعلیم کی فراہمی کے ساتھ ساتھ سماجی مسائل بھی حل کیے جائیں گے، ان کاکہنا ہے کہ بسمہ اللہ فاؤنڈیشن مسجد کی تعمیر کے لیے صرف مالی تعاون کررہی ہے،مسجد وکمیونٹی کا نظم ونسق اور مکمل انتظام مقامی افراد ہی سنبھالیں گے ۔عثمان عباس کا کہنا ہے کہ جو صاحبِ ثروت حضرات بسمہ اللہ فاؤنڈیشن کی فلاحی منصوبوں میں شریک ہونا چاہیں وہ ان کے نمبر اور ویب سائٹ کے ذریعے رابطہ کرکے عطیات جمع کرواسکتے ہیں ۔