کینیڈا آئندہ دنوں سکھ رہنما قتل کیس کی مزید تفصیلات آشکار کرئے گا
ابتدائی تحقیقات کے مطابق ہردیپ سنگھ نجار کے قتل کی سازش امریکا کی سرزمین پر ہوئی، گرفتار3بھارتی شہری فرسٹ ڈگری قتل کیس میں فٹ،دیگر ساتھیوں کو جلد گرفتار کرنے کا کینیڈین پولیس کا دعوی۔
کینیڈا پولیس نے خالصتان تحریک سے وابستہ سکھ رہنما ہردیپ سنگھ نجار قتل کیس میں گرفتار3بھارتی شہریوں کمل پریت سنگھ،کرن برار اور کرم پریت سنگھ کو فرسٹ ڈگری قتل کیس میں فٹ کردیا ہے ۔پولیس نے مذکورہ ملزمان کو جمعہ کے روز ٹھوس شواہد کی بناء پر وینکوور سے گرفتار کیا تھا۔ رائل کینیڈین ماؤنٹڈ پولیس سپرنٹنڈنٹ مندیپ موکر نے ٹورنٹو میں پریس کانفرنس میں کہا کہ تینوں مشتبہ افراد کینیڈا میں غیر مستقل طور پر رہائش اختیار کیے ہوئے تھے ۔ گرفتار کیے گئے تینوں افراد پر الزام ہے کہ جس دن نجار کا قتل ہوا اس دن گرفتار ایک ملزم نے شوٹر کے فرائض سرانجام دئیے ،دوسرا ڈرائیور اور تیسرا جائے وقوع پر موجود تھا جس کے ٹھوس شواہد موجود ہیں۔ابھی اس کیس ایک 11 سالہ لڑکے سمیت تین مزید قاتلوں کے ممکنہ روابط کی بھی تحقیقات حتمی مراحل میں ہیں ۔ہمیں بہت ساری چیزیں معلوم ہوچکی ہیں لہذا آئندہ دنوں قتل کیس میں ہونے والی پیشرفت سے دنیا کو آگاہ کردیا جائے گا ۔پولیس کے مطابق امریکن حکام نے کچھ تفصیلات فراہم کی ہیں جس سے معلوم ہوا کہ نجار کے قتل کی سازش امریکا کی سرزمین پر ہوئی تھی اور قتل کی منظوری اس وقت کے ہندوستان کے اعلیٰ جاسوس سمنت گوئل نے دی تھی۔