چینی کوسٹ گارڈ کے جہاز تائیوان کی حدود میں داخل، تناؤ میں اضافہ
تائیوان کے کوسٹ گارڈ کے مطابق چینی کوسٹ گارڈ کی کشتیاں تائیوان کے زیر کنٹرول کنمین جزیروں کے پانیوں میں داخل ہوئیں، اس موقع پر تائیوان کے حکام کی جانب سے انہیں وہاں سے جانے کے لیے کہا گیا لیکن اس کے باوجود وہ وہاں ایک گھنٹہ تک رکی رہیں۔جزیرے کے سخت اعتراضات پر چین کا کہنا ہے کہ جمہوری طور پر چلنے والا تائیوان اس کا اپنا علاقہ ہے جہاں حالیہ برسوں میں اس نے تائیوان کے قریب فوجی سرگرمیاں تیز کر دی ہیں اور فضائی دفاعی علاقوں میں تقریباً روزانہ کی بنیاد پر دراندازی کی جاتی ہے۔تائیوان کے ساحلی محافظوں کی جانب سے ہفتے کے روز جاری کردہ فوٹیج کے مطابق تائیوان کے ایک اہلکار نے اپنے چینی ہم منصبوں کو ایک نشریاتی پیغام میں ریڈیو کے ذریعے کہا کہ آپ ہمارے ملک کے محدود پانیوں میں داخل ہو گئے ہیں، براہ مہربانی فوری طور پر مڑ جائیں۔فوٹیج میں تائیوان کوسٹ گارڈ کی ایک کشتی کو قریب کے فاصلے پر دو چینی بحری جہازوں کی نقل و حرکت کا پیچھا کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔تائیوان کے کوسٹ گارڈ نے ایک بیان میں کہا کہ اس اقدام نے ٹریفک اور تحفظ کے عمل کو متاثر کیا ہے، بحری واقعات سے بچنے کے لیے ہم ان سے اس طرح کے طرز عمل کو نہ کرنے کی اپیل کرتے ہیں۔چین کے کوسٹ گارڈ کی جانب سے فوری طور پر کوئی تبصرہ نہیں کیا گیا۔