تھینکس گیونگ کی آمد ،پاکستانی نژاد خواتین کا ضرورت مندوں میں حلال ٹرکی کا تحفہ
نیویارک(نیوزڈیسک)نیولائف منارٹی ہیومن رائٹس کونسل نے تھینکس گیونگ ڈے کی مناسبت سے آئیڈیا کے اشتراک سے سینکڑوں خاندانوں میں حلال ٹرکی اوراشیا خوردو نوش تقسیم کردی۔
نیویارک میں پاکستانی نژاد امریکی خواتین پر مشتمل تنظیم نیو لائف منارٹی ہیومن رائٹس کونسل نے تھینکس گیونگ ڈے کی آمد سے قبل کونی آئی لینڈ ایونیو پر اپنے دفتر کے باہر سماجی تنظیم آئیڈیا کے تعاون سے فوڈ پینٹری لگائی جس کی ابتدا تلاوتِ کلامِ پاک سے کی گئی۔
تھینکس گیونگ کا تحفہ حلال ٹرکی اور روز مرہ کےاستعمال کی اشیا خوردو نوش حاصل کرنے کے لیے مختلف کمیونٹی کے افراد جمع ہوئے۔ اس موقع پرنیو لائف منارٹی ہیومن رائٹس کونسل کی بانی سربراہ راحیلہ اسلم کا کہنا تھا کہ وہ کئی دہائیوں سے سماجی سرگرمیوں میں، مصروف ہیں، یہ کمیونٹی میری فیملی کی طرح ہے،ہمیشہ کوشش رہی ہے کہ خواتین اور بچوں کو آگے بڑھنے کےمواقع فراہم کریں ۔
تقریب میں آئیڈیا کی ٹیم ممبران بھی موجود تھے ۔ نیولائف کی وائس پریذیڈنٹ سونیا عامر نے تنظیم کی سماجی سرگرمیوں سے آگاہ کیا، ان کا کہنا تھا کہ ہم سب مل کر خواتین کو با اختیار بنانے کے ساتھ ان کی ذہنی و جسمانی صحت کے مسائل حل کرنے کے لیے بھی کوشاں ہیں۔فوڈ پینٹری اور حلال ٹرکی کی تقسیم میں تعاون پر نیولائف منارٹی ہیومن رائٹس کونسل نےآئیڈیا کی ٹیم اور والنٹیئرز سے اظہارتشکر کیا۔