نیویارک: اے پی پیک کا سالانہ گالا ڈنر، نئی ایگزیکٹیو کمیٹی کا اعلان
امریکن پاکستانی پبلک افیئرز کمیٹی نے نیویارک کےعلاقے لانگ آئی لینڈ میں واقع نجی ہوٹل میں شاندا ر اینوئل گالا ڈنر کا انعقاد کیا جس کا کا آغاز تلاوتِ کلام ِ پاک سے کیا گیا جبکہ امریکا اور پاکستان کے قومی ترانے بھی بجائے گئے ۔تقریب کی نظامت سینئر صحافی عائزہ عرفان اور وکیل انصاری کرر ہے تھے۔ اے پی پیک کے سابقہ صدرعلی ہادی نے تنظیم کے قیام کے اغراض و مقاصد اور کم و بیش نو سا ل کے دوران اہم سرگرمیوں اور کامیابیوں کا خلاصہ پیش کیا۔
اینول گالا ڈنر میں اے پی پیک کی لیڈر شپ، بورڈ آف ڈائریکٹرز، ممبران سمیت کمیونٹی کی نمایاں شخصیات نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ اے پی پیک کے چیئر مین ڈاکٹر اعجاز احمد نے آئندہ دو سالوں کے لیے ایگزیکٹیو کمیٹی کے لیےنئے صدر سمیت دیگر عہدیداران کے ناموں کا اعلان کیا۔ ڈاکٹر پرویز اقبال اے پی پیک کی صدارت کے عہدے سے سبکدوش ہوگئے اور پروفیسر فیضان حق آئندہ دو سال کے لیے اے پی پیک کے صدر ہوں گے۔ ڈاکٹر اعجاز احمد نے نیویارک کے مختلف حلقوں سے منتخب کانگریس وومن اورسینیٹرز کومبارکباد دی جبکہ حال میں انتقال کرجانے والے بورڈ ممبر طارق خان کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا۔ان کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر پرویز اقبال نے ہمیشہ اس بات کو ترجیح دی کہ پاکستانی امریکن کو یہاں کی مقامی سیاست میں حصہ لینا چاہیے جبکہ مختلف مسائل پر اپنا ٹھوس اور مدلل موقف دینے میں کبھی ہچکچاہٹ سے کام نہیں لیا۔
اے پی پیک کے صدر پرویز اقبال نے مہمانوں کی آمد پر ان کاخیر مقدم کیااور اپنی مدتِ صدا رت کے دوران بھرپور سپورٹ پر چیئرمین ڈاکٹر اعجاز احمد اور بورڈ ممبران سے اظہارِتشکر کیا۔ان کا کہنا تھا کہ ہم سب بہتر مستقبل کی تلاش اور خوابوں کی تعبیر کے لیے امریکا آئے، یہ سر زمین ہر شخص کو آگے بڑھنے کا موقع دیتی ہے جو محنت، لگن اور ایمانداری پر یقین رکھتا ہو۔تقریب میں اے پی پیک یوتھ ونگ کے ممبران ، پاکستانی امریکن کمیونٹی کی سیاسی،سماجی اور کاروباری حلقوں سےوابستہ افراد کی بڑی تعداد شریک تھی ۔اس موقع پر نیویارک سٹی کے پہلے مسلمان میئر زوہران ممدانی نے اپنے ویڈیو پیغام میں اے پیک کی کاوشوں کو سراہا۔
شرکا سے خطاب میں اے پی پیک کے نو منتخب صدر پروفیسر فیضان حق کا کہنا تھا کہ شاعر مشرق علامہ اقبال اور امریکی شاعروالٹ وٹمین کے درمیان فکری وادبی طورپر جو گہری مماثلت ہے اس کی مثال نہیں ملتی۔اس موقع پر اے پی پیک یوتھ ونگ کےصدر علی پرویز ملک نے بھی اظہارِ خیال کیا اور اپنی ٹیم کا تعارف کرایا۔ ان کا کہنا تھا ہم نوجوان نسل کو اے پی پیک نے آگے بڑھنے کے لیے بہترین پلیٹ فارم فراہم کیا ہے۔
تقریب میں نیویارک میں متعین پاکستان کے قونصل جنرل عامر احمد اتوزئی، این وائے پی ڈی میں پہلے پاکستانی نژاد انسپکٹر عدیل رانا، مسلم آفیسرز سوسائٹی کے صدر ڈپٹی انسپکٹر وحید اختر نے بھی خصوصی طور پر شرکت کی ۔شرکا سے خطاب میں عامر احمد اتوزئی نے اے پی پیک کی خدما ت کو سراہا، ان کا کہنا تھا کہ امریکا میں مقیم پاکستانی وطن عزیز کے سفیر ہیں لیکن انھیں چاہیے کہ وہ یہاں کی مقامی سیاست میں متحرک ہوں۔تقریب میں حالیہ وسط مدتی انتخابات کے دوران نیویارک کے ڈسٹرک 7 سے منتخب کانگریس وومن کلیئر ویلدیز، ڈسٹرکٹ 13 سےڈاری الیزا ،ڈسٹرکٹ 12 سے اسٹیٹ سینیٹر عبیر کاواس اور ٹاون آف ہیمپسٹیڈ سے سپروائزر جوشنا بل بطور مہمانِ خصوصی شریک ہوئے۔ نو منتخب قانون سازوں کا کہنا تھا کہ تارکین وطن کو اس بات پر توجہ دینی چاہیے کہ ہم اس معاشرے اور یہاں کے نظام میں اپنی جگہ کیسے بناسکتے ہیں، یہ مشکل تو ہوسکتا ہے لیکن نہ ممکن نہیں۔
نو منتخب قانون سازوں نے اس عزم کا اظہار کیا وہ پوری کوشش کریں کہ اپنی انتخابی مہم کے دوران کیے گئے تمام وعدے نبھا سکیں ۔تقریب کے اختتام سے قبل اے پی پیک نے مہمانان خصوصی، اپنی ٹیم کے ممبران ، یوتھ ونگ اور دیگر کو ان کی غیر متزلزل خدمات کے اعتراف میں ایوارڈ سے نوازا گیا۔۔اینوئل گالا ڈنر کے آخر میں موسیقی کی محفل بھی سجی جس میں گلوکار صائمہ کاشف اور حیدر نے مختلف گیت اور کلام پیش کرکے تقریب کا لطف دوبالا کردیا۔۔