نیویارک: ینگ اسٹنرز کی بروکلین میں شاندار پرفارمنس، طلحہ انجم کا مزید کانسرٹس کا اعلان
امریکی شہر نیویارک کے علاقے بروکلین میں پاکستانی ہپ ہاپ جوڑی ینگ اسٹنرز نے اپنے لائیو کانسرٹ میں مداحوں کو جھومنے پر مجبور کر دیا۔ طلحہ انجم اور طلحہ یونس کی پرفارمنس پر شائقین نے بھرپور جوش و خروش کا مظاہرہ کیا۔
کانسرٹ شروع ہونے سے گھنٹوں پہلے ہی ہال کے باہر مداحوں کی لمبی قطاریں لگ چکی تھیں اور ماحول میں ایک الگ ہی جوش و خروش تھا۔ جیسے ہی طلحہ انجم اور طلحہ یونس اسٹیج پر نمودار ہوئے، پورا پنڈال تالیوں اور شور سے گونج اٹھا۔ ینگ اسٹنرز نے اپنے مشہور اور ہٹ ٹریکس گا کر نوجوانوں کا لہو گرما دیا۔ ہر گانے پر مجمع ان کے ساتھ گنگناتا اور جھومتا رہا، جس سے کانسرٹ کا مزہ دوگنا ہو گیا۔ ان کی بہترین اسٹیج پریزنس اور انرجی نے شو کو ایک یادگار ایونٹ بنا دیا۔ شو کے دوران اور آخر میں مداحوں نے VOSA TV سے بات کرتے ہوئے اپنے جذبات کا کھل کر اظہار کیا۔ کئی نوجوانوں نے بتایا کہ وہ کافی عرصے سے نیویارک میں ینگ اسٹنرز کے لائیو شو کا بے صبری سے انتظار کر رہے تھے اور آج ان کی یہ خواہش پوری ہو گئی ہے۔ لوگوں کا کہنا تھا کہ انہوں نے اپنی زندگی میں اتنا شاندار اور انرجیٹک شو پہلے کبھی نہیں دیکھا اور انہوں نے ہر لمحے کو بھرپور انجوائے کیا۔اس شاندار اور کامیاب ایونٹ کے آرگنائزر ریحان نے کانسرٹ میں شرکت کرنے والے تمام حاضرین کا شکریہ ادا کیا جن کی وجہ سے یہ شو ممکن اور کامیاب ہو سکا۔ایونٹ کے اختتام پر ینگ اسٹنرز کے لیڈ ریپر طلحہ انجم نے نیویارک کے مجمع کی زبردست انرجی اور پیار پر ان کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا، نیویارک میں آ کر اور یہاں پرفارم کر کے ہمیں بے حد مزہ آیا، یہ ایک بہترین تجربہ تھا۔ طلحہ انجم نے مداحوں کو یہ خوشخبری بھی سنائی کہ مستقبل میں ایسے مزید لائیو کانسرٹس منعقد کیے جائیں گے، جس سے وہاں موجود مجمع مزید جوش میں آ گیا۔