vosa.tv
Voice of South Asia!

ناساؤ کاونٹی میں افطار ڈنر، پولیس ٹریننگ سینٹر میں اذان کی گونج

0

نیویارک کی ناساؤ کاونٹی کے ایگزیکٹو بروس بلیک مین  نے کہا ہے کہ ہم مختلف مذاہب اور اقوام سے تعلق ضرور رکھتے ہیں لیکن ہم سب ایک دوسرے کے عقائد، نظریات اور روایات کا احترام بھی کرتے ہیں،چاہتے ہیں کہ لوگوں کو مزید ایک دوسرے کے قریب کیا جائے۔وہ ناساؤ کاؤنٹی کے ایگزیکٹو بروس بلیک مین اور ایشئن امریکن افیئرز  کے زیر ِ اہتمام ڈیوڈ میک سینٹر میں منعقدہ دوسرے سالانہ رمضان افطار کی تقریب سے خطاب کرر ہے تھے ۔ افطار ڈنر کی ابتدائی تلاوتِ کلام ِ پاک اور نعتِ رسو لِ مقبول ﷺ سے ہوئی بعد ازاں امریکا کا قومی ترانہ پڑھا گیا۔افطار میں مسلمانوں کی کثیر تعداد شریک ہوئی جبکہ مختلف مکاتبِ فکر کی مساجد اور اسلامک کے سینٹر سے مدعو کیے گئے علماء کرام اور اکابرین کے لیے علیحدہ علیحدہ  ٹیبل مختص کی گئیں تھیں۔اس موقع پر ناساؤ کاؤنٹی کے ایگزیکٹو بروس بلیک مین اور دیگر نے خطاب  کرتے ہوئے مسلمانوں کو رمضان کی مبارک باد دی۔ان کا کہنا تھا کہ ہمیں اس بات کا بخوبی ادراک ہے کہ ناساؤ کاؤنٹی  کے رہائشی اپنے بچوں کی بہتر پرورش اور فیملی کو مثالی ماحول دینا چاہتے ہیں ، ہماری بھی کوشش ہے کہ لوگوں کو آپس میں جوڑا جائے۔ ایشئن امریکن  افیئرز کے ایگزیکٹیو ڈائریکٹر عون نقوی نے تقریب کی نظامت کی۔ان کا کہنا تھا کہ کمیونٹی کو چاہیے کہ باہمی اتحاد و اتفاق کے فروغ کے لیے مل کر کام کریں ۔اس موقع پر کاؤنٹی ایگزیکٹیو کے سینئر ایڈوائزر  چودھری اکرم  نےتمام مہمانوں سے ان کی آمد پر خیر مقدم کیااور شرکاء سے اظہارِ تشکر کیا۔افطار ڈنر میں شریک   الخوئی اسلامک سینٹر، اسلامک سینٹر آف ناساؤ کاونٹی،فاطمہ مسجد، محمدی مسجد اور دیگر اداروں سے شریک علماء کرام و اکابرین اور کمیونٹی رہنماوں نے خطاب کیا، مقررین کا کہنا تھا کہ رمضان المبارک اللہ تعالیٰ کا مہینہ ہے، اسے تمام مہینوں پر فضیلت حاصل ہے اور روزہ تقویٰ و پرہیز گار بننے کا بہترین راستہ ہے۔رمضان افطار میں سکھ کمیونٹی کے  رہنما اور پولیس میں شامل مسلمان افسران بھی شریک تھے ۔اس موقع پر کاونٹی کے  پولیس کمشنر کا کہنا تھا کہ   عبادت گاہ کسی بھی مذہب کی ہو ۔ہمارے لیے قابلِ احترام ہے، ہم سب کی حفاظت کو یقینی بناتے ہیں۔افطار ڈنر کے اختتام سے قبل مسلم کمیونٹی کی مختلف شخصیات میں ان کی خدمات کے اعتراف میں تعریفی اسناد تقسیم کی گئیں  جبکہ ترکش کمیونٹی کے خوبصورت نونہالوں نے اپنی پرفارمنس  سے سب کے دل موہ لیے ۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.