سنگین جرائم میں ملوث تارکین کی نیویارک میں کوئی جگہ نہیں،ایرک ایڈمز
نیویارک سٹی کے میئر ایرک ایڈمز نے کہا ہے کہ ایسے تارکینِ وطن جو سنگین نوعیت کے جرائم میں ملوث ہیں انھیں ملک بدر کیا جانا چاہیے، یہ بات انھوں نے ہفتہ وار نیوز کانفرنس میں کہی۔ایرک ایڈمز نے نیویارک سٹی ہال میں اپنی انتظامیہ کے عہدیداران کے ہمراہ ہفتہ وار نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جرائم میں ملوث تارکین وطن کے خلاف سخت موقف اختیار کرلیا اور شہر میں پناہ گاہوں کے قیام کی پالیسی میں تبدیلی کی طرف بھی واضح اشارہ دے دیا۔ انھوں نے کہا کہ ایسے تارکین وطن جو سنگین نوعیت کے جرائم میں ملوث ہیں انھیں ان کے ملک واپس بھیجا جائے، ایسے ایمیگرینٹس جو بار بار جرم کا ارتکاب کررہے ہیں ہم انھیں اس شہر میں مزید قیام کی اجازت ہرگز نہیں دیں گے کیونکہ ہم اس معاملے میں ایمیگرینٹس اینڈ کسٹم انفورسمنٹ کے ساتھ بات نہیں کرسکتے ، شہری حکومت کو وفاقی ایجنسی سے اس معاملے پر بات کرنے کا اختیار ہونا چاہیے۔ میئر نے وضاحت کی کہ موجودہ قوانین کی روشنی میں اگر کوئی غیر ملکی پر کسی جرم کا چارج لگا ہے لیکن وہ سزا یافتہ نہیں ہے تو ایسی صورت میں شہری انتظامیہ فیڈرل ایمیگریشن اتھارٹی کے ساتھ معاملے کو زیرِ بحث نہیں لاسکتی۔