vosa.tv
Voice of South Asia!

ترکیہ نے زلزلے سے متاثرہ علاقوں میں نئے مکانات کی تعمیر مکمل کرلی

0

تباہ کن زلزلے کے محض ایک سال بعد ہی ترکیہ نے متاثرہ علاقوں میں مکانات کی تعمیر مکمل کرلی، متاثرین کو گھروں کی چابیاں بھی فراہم کردی گئیں۔حالیہ ادوار میں ترکیہ کو اپنے ملک میں سب سے تباہ کن زلزلے کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ 6 فروری 2023 کو جنوبی ترکیہ میں طاقتور زلزلوں کے سبب 11 صوبوں میں 50 ہزار سے زیادہ افراد جاں بحق اور لاکھوں بے گھر ہو گئے تھے۔ترک حکام نے جانفشانی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کافی کم وقت میں متاثرین کے لیے گھروں کی تعمیر ممکن بنائی ہے۔ بے گھر ہونے والوں میں سے کچھ افراد کو ہفتے کے روز نئے مکمل ہونے والے مکانات کی چابیاں دی گئیں۔زلزلے سے سب سے زیادہ متاثرہ صوبے ہاتائے میں ایک تقریب کے دوران صدر طیب اردگان نے کہا کہ آج ہم ہاتائے میں سات ہزار 275 مکانات متاثرین کو فراہم کر رہے ہیں، 40 ہزار مکانات کی تعمیر مکمل ہوتے ہی بتدریج انھیں بھی لوگوں کو فراہم کیا جائے گا۔ترکیہ کے صدر کا کہنا تھا کہ اگلے دو مہینوں میں تقریباً 75 کے قریب مکانات فراہم کیے جائیں گے۔ حکومت نے اس سال مجموعی طور پر متاثرین کو دو لاکھ گھروں کی فراہمی کا منصوبہ بنایا ہے۔شہری وزیر مہمت اوزہاسیکی نے صحافیوں کو بتایا کہ اس خطے میں آنے والے زلزلے کے سبب تقریباً 6 لاکھ 80 ہزار کے قریب گھر تباہ ہوئے، 3 لاکھ 90 ہزار خاندانوں نے وہاں تعمیر کیے جانے والے مکانات کے لیے رجسٹریشن کرائی ہے۔انھوں نے کہا کہ دو لاکھ اپارٹمنٹس کے لیے ٹینڈرز مکمل ہو چکے ہیں جبکہ ان میں سے کچھ کی تعمیر جاری ہے۔ ان میں سے کچھ مکانات مکمل ہو چکے ہیں جو جلد ہی ڈیلیور کیے جائیں گے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.