سعودیہ اور مصر کا فلسطینی پناہ گزینوں کیلیے فنڈنگ کی بندش پر تشویش کا اظہار
سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان مصر کے دورے پر پہنچے اور اپنے ہم منصب سے ملاقات کی جس میں فنڈنگ کی بندش سے 20 لاکھ فلسطینی پناہ گزینوں کی امداد رک جانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سعودی عرب اور مصر کے وزرائے خارجہ نے فنڈنگ کی بندش پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس سے پناہ گزین فلسطینیوں کی مشکلات میں مزید اضافہ ہوجائے گا۔دونوں وزرائے خارجہ نے فلسطینی پناہ گزینوں کو بلا رکاوٹ امدادی سامان کی فراہمی کو یقینی بنانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ عالمی برادری اونرا کی فنڈنگ روک کر چند لوگوں کے کیے کی سزا پوری قوم کو نہ دے۔سعودی عرب اور مصر کے وزرائے خارجہ نے ایک بار پھر غزہ میں فوری جنگ بندی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ فلسطین کے دو ریاستی حل کے بغیر یہ تنازع حل نہیں ہوسکتا۔