بنگلہ دیش میں4افراد زندہ جل گئے،سینکڑوں زخمی
بنگلہ دیش کے دارالحکومت ڈھاکہ میں ٹرین میں آتشزدگی سے 4 افراد جاں بحق ہوگئے۔ متعدد افراد کے جھلسنے اور افراتفری سے زخمی ہونے کی بھی اطلاعات موصول ہوئیں۔ جھلسنے اور زخمی ہونے والوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا۔ڈھاکہ میٹروپولیٹن پولیس کے نائب سربراہ محی الدین کا کہنا ہے کہ ٹرین میں آگ لگی نہیں بلکہ لگائی گئی ہے۔ دیکھتے ہی دیکھتے آگ نے چار بوگیوں کو لپیٹ میں لے لیا۔پولیس کی ریپڈ ایکشن بٹالین کے سربراہ کھانڈیکر المعین نے بتایا کہ امدادی کارکنوں نے تیزی سے موقع پر پہنچ کر آگ بجھائی۔ ٹرین سروس کچھ دیر کے لیے معطل بھی کرنا پڑی۔پولیس اور انتظامیہ کے افسران کا کہنا ہے کہ کچھ لوگ انتخابی ماحول کو سبوتاژ کرنا چاہتے ہیں۔ عام انتخاب کے حوالے سے لوگوں کو خوفزدہ کیا جارہا ہے۔بنگلہ دیش میں عام انتخابات کل ہو رہے ہیں۔ پولنگ کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔ حکمراں عوامی لیگ کی پوزیشن بہت مضبوط قرار دی جارہی ہے۔