نیوجرسی میں فجر کے وقت پیش امام کا لرزہ خیز قتل
امریکی ریاست نیوجرسی کے شہر نیوورک میں نامعلوم افراد نے صبح سویرے مسجدِ محمد کے پیش امام حسن شریف کو گولیاں مار کر قتل کردیا۔پولیس نے قاتلوں کو گرفتاری میں مدد کرنے پر پچیس ہزار ڈالر کی انعامی رقم دینے کا اعلان کیا ہے ۔تفصیلات کے مطابق نیوورک پولیس کا کہنا ہے کہ انھیں صبح چھ بج کر 15 منٹ پر اطلاع موصول ہوئی کہ ساوتھ اورینج ایونیو اور کیمڈن اسٹریٹ پر واقع مسجدِ محمد نیوورک کے قریب کسی کا قتل ہوگیا ہے ۔پولیس کے مطابق امام حسن شریف کو کئی گولیاں ماری گئیں تھیں،تاہم انھیں تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل کیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوگئے۔نیوجرسی کے اٹارنی جنرل میتھیو پلاٹکِن کا کہنا ہے کہ ہر ممکنہ زاویے سے قتل کی تفتیش کی جارہی ہے تاہم ابھی حتمی طورپر کچھ نہیں کہہ سکتے کہ قتل کے اصل محرکات کیا ہیں ۔پولیس کے مطابق امام حسن شریف نیوورک ایئر پورٹ پر 2006 سے بطور سیکورٹی افیسر بھی کام کرتے رہے ہیں ۔نیویارک ورک کے میئر راس براکا کہنا ہے کہ اس مشکل وقت میں ہم سب مقتول امام حسن شریف اور ان کے اہلخانہ کے ساتھ کھڑے ہیں۔نیوورک کے گورنر فل مرفی نے ٹوئیٹ میں امام حسن شریف کے لیے دعا کرتے ہوئے کہا کہ اگر کسی کو اس قتل سے متعلق معلومات ہوں تو وہ پولیس کو مطلع کریں، جبکہ پولیس نے اعلان کیا ہے جو بھی اس قتل کی تفتیش اور مجرمان کی گرفتاری میں مدد کرے گا اسے 25 ہزار ڈالر انعام دیا جائے گا۔