مئیر نیویارک سٹی نے نیوجرسی سے مدد مانگ لی
نیویارک سٹی کے میئر ایرک ایڈمز نے ریاست نیوجرسی کی انتظامیہ سے درخواست کی ہے کہ وہ ٹیکساس سے آنے والی تارکینِ وطن کی بسوں کو روکنے میں مدد کریں۔ یہ بات انھوں نے سٹی میں ہفتہ وار پریس کانفرنس میں کہی۔نیویارک سٹی ہال میں شہری انتظامیہ میں شامل عہدیداران کے ہمراہ ہفتہ وار پریس کانفرنس کرتے ہوئے میئر ایرک ایڈمز نے ایک بار پھر کہا کہ شہر میں تارکینِ وطن کی آمد میں اضافے سے جرائم کی شرح میں اضافہ ہورہا ہےاور شہر کی انتظامی صلاحیت بھی متاثر ہورہی ہے،میئر نے یہ وضاحت بھی کی کہ تمام جرائم میں صرف تارکین وطن ملوث نہیں۔انھوں نے سے اپنی ہمسایہ ریاست نیوجرسی کی انتظامیہ سے اپیل کی کہ وہ ٹیکساس کے گورنر کی طرف سےبھیجی گئی تارکینِ وطن کی بسوں کو روکنے میں مدد کریں اور پناہ گزین کے بحران پر قابو پانے کے لیے ہمارے جاری کردہ ایگزیکٹیو آرڈر پر عمل کروانے میں تعاون کریں۔میئر کا مزید کہنا تھا کہ گزشتہ دو ہفتوں کے دوران7 ہزار تارکینِ وطن شہر میں آئے ہیں اور مجموعی طورپر مہاجرین کی تعداد ایک لاکھ اکسٹھ ہزار ہوگئی ہے۔ایگزیکٹو آرڈر کے تحت تارکینِ وطن کو ٹرانسپورٹ کرنے والی چارٹر بسز کمپنیوں سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ شہر میں داخلے سے 32 گھنٹے قبل ایمرجنسی مینجمنٹ آفس کو مطلع کریں۔میئرایرک ایڈمزنے واضح کیا کہ نئے قواعد پر عمل کرنے میں ناکامی کے نتیجے میں مجرمانہ الزامات، جرمانے، قانونی چارہ جوئی اور یہاں تک کہ بسوں کو بھی ضبط کیا جا سکتا ہے۔